مردم شماری میں ہمارے تحفظات کا ازالہ کیاجائے اور خیبر پختونخوا کی مردم شماری کی گنتی پشاور میں ہی کرانے کا انتظام کیا جائے تاکہ صوبے کی آبادی کی صحیح جانچ یقینی بنائی جاسکے

خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی سکندر حیات خان شیر پائو کا عوامی اجتماع سے خطاب

پیر 6 فروری 2017 23:27

ْشبقدر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 فروری2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود سکندر حیات خان شیر پائو نے کہا ہے کہ مردم شماری میں ہمارے تحفظات کا ازالہ کیاجائے اور خیبر پختونخوا کی مردم شماری کی گنتی پشاور میں ہی کرانے کا انتظام کیا جائے تاکہ صوبے کی آبادی کی صحیح جانچ یقینی بنائی جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز شبقدر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر درجنوں افراد نے دوسری پارٹیوں سے مستعفی ہو کر قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ صوبائی وزیر نے علاقے کے عوام سے شہید وطن حیات محمد خان شیر پائو کی 42ویں برسی کے موقع پر منعقد ہونے والے عوامی اجتماع میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے پختونوں میں نام نہاد سیاستدانوں کا خاتمہ کرتے ہوئے پہلی بار سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر عوام میں لایا اور عوام میں ان کے حقوق سے متعلق بیداری پیدا کی یہی وجہ ہے کہ سیاسی ٹھیکیداروں نے ان کے خلاف سازشیں کر کے انہیں شہید کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے صوبائی سینئر وزیر نے کہا کہ پی کے۔22 کے لئے مختلف منصوبوں کے ٹینڈر جاری ہو چکے ہیں اور بہت جلد ان پر عملی کام شروع کر دیا جائے گا۔انہوں نے بعض ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام کی سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو عوامی شکایات کا ازالہ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے گائوں شیر پائو میں بھی ایک شمولیتی تقریب میں شرکت کی جہاں علاقے کی اصلاحی کمیٹی کے ارکان مکرم باچہ اور نیک بادشاہ نے اپنے خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔