وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے سیکرٹریٹ ملازمین کے منجمد شدہ 30فیصد الائونس کو بحال کر دیا

صوبائی کابینہ اجلاس میں تعلیمی بجٹ میں سالانہ 16فیصد اضافے، پرائمری کی سطح پر ناظرہ اور چھٹی سے 12ویں جماعت تک باترجمہ قرآن پڑھانے کی بھی منظوری

پیر 6 فروری 2017 23:27

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے سیکرٹریٹ ملازمین کے منجمد شدہ 30فیصد الائونس ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 فروری2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے سیکرٹریٹ ملازمین کے منجمد شدہ 30فیصدسیکرٹریٹ الائونس کو فوری طور پر بحال کرد یا ہے ۔پیرکو سول سیکرٹریٹ پشاور میں وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیروں اور معاونین خصوصی کے علاوہ چیف سیکرٹری اور انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی ۔

کمشنر مردم شماری نے اجلاس کو ملک میں ہونے والے مردم شماری کی تیاریوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ قومی مردم شماری اس سال 15 مارچ سے شروع ہو گی جبکہ پورے ملک کو مردم شماری کی غرض سے 168120جبکہ خیبر پختونخوا کو 22000 اور فاٹا کو 3793 بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی مردم شماری کے نتائج کا اجراء 60دن میں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے مردم شماری کے نتائج صوبوں کے ساتھ شیئر کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ اس سلسلے میں صوبوں کو اعتماد میں لیا جاسکے ۔

وزیر اعلیٰ نے اس مقصد کیلئے وزیر اعظم کو خط لکھنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے اساتذہ کی ترقی کو ان کی کارکردگی سے منسلک کرنے کی ہدایت کی۔ اس طرح انہوں نے اساتذہ کے تبادلوں کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کیلئے قانون سازی کی بھی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں انہوں نے صوبے میں بند سکولوں کی فہرست پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے پرائمری سکولوں میں انگریزی کی تدریس کو موثر بنانے کی ہدایت کی تاکہ غریبوں کے بچے امیروں کے بچوں کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو سکے اور اس طرح صوبے میں حقیقی تبدیلی آ سکے۔

اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے صوبے کے زیر تعمیر اور مکمل ہونے والے سکولوں کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں تعلیمی بجٹ میں سالانہ 16% اضافہ کرنے اور تعلیمی بجٹ میں کمی نہ کرنے کی تجویز سے اصولی طور پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں پرائمری سکولوں میں خواتین معلمات کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا جبکہ پرائمری کی سطح پر ناظرہ قرآن اور چھٹی جماعت سے 12ویں تک ترجمہ قرآن پڑھانے کی منظوری دی گئی۔

اسی طرح خیبر پختونخوا مفت تعلیم برائے پرائمری ،ثانوی اور ایلیمنٹری بل 2017کی بھی منظوری دی گئی۔کابینہ نے خیبر پختونخوا فارسٹ ڈویلپمنٹ فنڈ رولز 2006اور والنٹ پالیسی میں ترامیم کی منظوری دی۔اجلاس میں سونامی پراجیکٹ کے تحت شجرکاری کے بارے میں اراکین صوبائی اسمبلی کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔وزیر اعلیٰ نے صوبے میں عمارتی لکڑی کی فروخت تیز کرنے کا حکم دیا اسی طرح حیات آباد صنعتی بستی میں خالی پلاٹس کی کمرشلائزیشن کیلئے بھی اعلی سطح کمیٹی تشکیل دی گئی۔

متعلقہ عنوان :