آصف علی زرداری کی شوکت بسرا پر حملے کی شدید مذمت ، حملہ آوروں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ

حملہ آور گرفتار نہ ہوئے تو پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف کو براہِ راست ذمہ سمجھتے ہوئے اپنا آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی، آصف زرداری

پیر 6 فروری 2017 23:24

آصف علی زرداری کی شوکت بسرا پر حملے کی شدید مذمت ، حملہ آوروں کو فوری ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 فروری2017ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی ز رداری نے پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے لیڈر شوکت بسرا پر پیر کی صبح ھارون آباد، بہاولنگرمیں حملے کی شدید مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ حملہ آوروں کو فوری طور پر گرفتار کرکے انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ اگر حملہ آور گرفتار نہ ہوئے تو پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف کو براہِ راست ذمہ سمجھتے ہوئے اپنا آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔ پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سیکریٹرا طلاعات شوکت بسرا پر پیر کے روز اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر پولیس کی زیادتیوں کے خلاف احتجاج کرنا چاہتے تھے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل شوکت بسرا نے ایک پریس کانفرنس کرکے یہ باور کرایا تھا کہ پولیس اپنے سیاسی آقائوں کے اشارے پر عوام کے خلاف کام کر رہی ہے اور معصوم لوگوں کے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمات قائم کئے جا رہے ہیں۔ سابق صدر نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ ضیاء باقیات اور گلو بٹوں کی سرپرستی کر رہے ہیں اور یہی لوگ اپنے سیاسی ایجنڈے کی تکمیل کے لئے حقیقی سیاسی نمائندوں پر حملے کرا رہے ہیں۔

سابق صدر نے کہا کہ اگر اس حملے میں قتل ہونے والے پارٹی کارکن امتیاز احمد کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار نہیں کیا گیا تو پارٹی پنجاب کے وزیراعلیٰ کو ذمہ دار قرار دے گی۔ آصف علی زرداری نے امتیاز احمد شہید کے اہلِ خانہ سے اظہار کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔ ۔۔طارق ورک