سپریم کورٹ کا عامر لیاقت کے پروگرام ’’ایسے نہیں چلے گا‘‘ کیخلاف پیمرا کا حکم برقرار‘ مذکورہ اینکر اور پروگرام پر تاحکم ثانی پابندی عائد

پیر 6 فروری 2017 22:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2017ء) سپریم کورٹ نے لبیک پرائیویٹ لمیٹڈ (بول نیوز) پر چلنے والے عامر لیاقت کے پروگرام ’’ایسے نہیں چلے گا‘‘ کیخلاف پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کا حکم برقرار رکھتے ہوئے مذکورہ اینکر اور پروگرام پر تاحکم ثانی پابندی عائد کر دی ہے۔ پیمرا نے 26 جنوری 2017ء کو بول نیوز پر مذکورہ پروگرام اور اینکر کیخلاف قابل نفرت مواد نشر شائع کرنے کی شکایات پر پابندی عائد کی تھی تاہم سندھ ہائیکورٹ نے اس حکمنامہ کیخلاف حکم امتناعی جاری کر دیا تھا۔

پیر کو ہونے والی سماعت میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے جس کی سربراہی جسٹس امیر ہانی مسلم کر رہے تھے مذکورہ پروگرام اور اینکر پر تاحکم ثانی پابندی عائد کر دی۔

(جاری ہے)

مزید سماعت بدھ کو ہو گی۔ سپریم کورٹ بنچ کے دیگر معزز اراکین میں جسٹس مشیر عالم اور جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل شامل تھے۔ معزز عدالت نے چینل انتظامیہ کو خبردار کیا کہ حکم عدولی کی صورت میں انتظامیہ اور اینکر کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے اس سے قبل عدالت عظمیٰ 31 جنوری 2017ء کو پیمرا چیئرمین کو لبیک پرائیویٹ لمیٹڈ کی درخواستوں پر ہائیکورٹ کی جانب سے جاری تمام نوٹسز خارج کر چکی ہے۔ گزشتہ روز ہونے والی سماعت کے دوران پیمرا کی طرف سے سینئر وکلاء کی ٹیم پیش ہوئی جس میں کاشف حنیف، زاہد ابراہیم اور علی گیلانی ایڈووکیٹس شامل تھے۔