بلدیاتی اداروں کو مستحکم کر کے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا عمل عوام کی زندگی میں بہتری لانے کا باعث بنے گا‘رفیق رجوانہ

چیلنجز اپنے اندر ترقی کے مواقع لے کر آتے ہیں اور اسی وژن کے تحت موجودہ قیادت عوامی مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے‘گورنرپنجاب

پیر 6 فروری 2017 22:46

بلدیاتی اداروں کو مستحکم کر کے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا عمل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2017ء) گورنر پنجاب ملک محمدرفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام عوام کے مسائل اُن کی دہلیز پر حل کرنے کا موثر ذریعہ ہے اور حکومت کی طرف سے اس نظام کی حوصلہ افزائی عوام دوستی اور جمہوریت پسندی کا واضح ثبوت ہے، چیلنجز اپنے اندر ترقی کے مواقع لے کر آتے ہیں اور اسی وژن کے تحت موجودہ قیادت عوامی مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لارڈ میئر لاہورکرنل(ر) مبشر جاوید سے گفت گو کے دوران کیاجنہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کئی دہائیوں کے مسائل چند دنوں یا مہینوں میں نہیں حل ہوسکتے اس کے لیے جمہوری نظام کا تسلسل اور پالیسیوں پر موثر عملدرآمد ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان بلاشبہ ہر شعبے میں پہلے سے کہیں بہتر ہے خصوصا معاشی اور سیاسی استحکام نے عوام میں اُمیدفرداپیدا کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے میں چین کی سرمایہ اور بین الاقوامی تاجروں اور کمپنیوں کی طرف سے ملک میں سرمایہ کاری کا رجحان موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سی پیک منصوبہ محض گیم چینجر ہی نہیں بلکہ یہاں کے بسنے والی عوام کی تقدیر بدلنے کا منصوبہ بھی ہے جس سے پاکستان دنیا بھر میں مواقعوں کی سر زمین بن کر ابھر ے گا۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ بلدیاتی اداروں کو مستحکم کر کے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا عمل عوام کی زندگی میں بہتری لانے کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے بلدیات کی سطح پر ہوں، صوبے کی سطح پر ہوں یا قومی سطح پر ان کا مطمع نظر صرف اور صرف عوامی فلاح ہوتی ہے۔گورنر پنجاب نے لارڈ میئرلاہورکرنل(ر) مبشر جاوید کو لاہور کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ بطور لارڈ میئر اہلیان لاہور کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔

لارڈ میئر لاہورکرنل(ر) مبشر جاوید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور وزیراعظم محمد نواز شریف نے اُن پراعتماد کا اظہار کیاہے وہ اُس پر پورا اُترنے کی کوشش کریں گے اور اپنی سیاست کا محورصرف اور صرف عوامی خدمت کو رکھیں گے۔بعد ازاں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے آرٹسٹس ایسوسی ایشن آف پنجاب کے زیر اہتمام الحمراہ آرٹ گیلری لاہور میں 31ویں سالانہ پینٹنگ کی نمائش کا افتتاح کیا۔

اس موقع پرچیئرمین آرٹسٹس ایسی ایشن آف پنجاب میاں اعجاز الحسن اور چیئرمین لاہور آرٹس کونسل کامران لاشاری بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرٹسٹس ملک کا اثاثہ ہیں جو معاشرے کی خوبیوں اور خامیوں پر گہری نظر رکھتے ہیں اور پینٹنگ کے ذریعے بہترین انداز میں ان چیزوں کو اجاگر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آرٹسٹس ایک حساس طبقہ ہے جو خاموشی سے اپنی تصاویر میںسب کچھ بتادیتا ہے لیکن دیکھنے والے کی آنکھ پے منحصر ہے کہ وہ اسے کس انداز میں محسوس کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرے کی۔ گورنر نے کہا کہ اس طرح کی نمائش کا زیادہ سے زیادہ انعقاد ہونا چاہئے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت عام آدمی کی معیارِزندگی کو بہتر کرنے اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے آرٹسٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام لگائی گئی تصویری نمائش کا افتتاح کیا اور تصاویر دیکھیں ۔

دریں اثناء، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے اڈیٹر انچیف، روزنامہ اوصاف، مہتاب خاں کی والدہ کے انتقال پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور دُعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔ (آمین)۔

متعلقہ عنوان :