برطانیہ کے شہرہائی وے کمب کے میئر راجہ ضیاء احمد کی اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز سے ملاقات ‘ باہمی دلچسپی کے امورپر بات چیت

پیر 6 فروری 2017 22:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2017ء) برطانیہ کے شہرہائی وے کمب کے میئر راجہ ضیاء احمد نے پیرکے روز سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میںاسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امورپر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے برطانیہ کے شہرہائی وے کمب کے میئر راجہ ضیاء احمد کو اسلام آباد کی تعمیر وترقی ،منصوبہ بندی اور اسلام آباد میں جاری مختلف میگا پراجیکٹس سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد میں پہلی مرتبہ بلدیاتی نظام کے تحت اسلام آباد کی تعمیر و ترقی کی ذمہ داری عوام کے منتخب کئے گئے نمائندوں کو دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 60 سال کے بعد اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے بعد میٹرو پولیٹین کارپوریشن بنائی گئی ہے اور ایم سی آئی کو وجود میں آئے ایک سال ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ چونکہ اسلام آباد میں یہ تجربہ پہلی دفعہ کیا گیا ہے، لہٰذا ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اس نظام سے اسلام آباد کے شہریوں کی فلاح و بہبود اور اسلام آباد کو ایک ماڈل شہر بنایا جائے۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان اسلام آباد کی تعمیر و ترقی اور اس کی قدرتی خوبصورتی میں مزید نکھار لانے کے لیے خصوصی دلچسپی لیتے ہیں اور ایم سی آئی بھی وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق دن رات کو شاں ہے تاکہ ہم آنے والی نسلوں کو زیادہ خوبصورت اور ایک ماڈل شہر دے سکیں۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن کے پلیٹ فارم سے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے بڑی جامع اور موثر حکمتِ عملی بنائی گئی ہے جس کے بے حد مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں کیونکہ شہریوںکے لیے جو روڈ میپ بنایا گیا ہے اُس پر مرحلہ وار کام کا آغاز ہو چکا ہے اور توقع ہے کہ اسلام آباد کے منتخب نمائندے احسن طریقے سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

اس موقع پر برطانیہ کے شہرہائی وے کمب کے میئر راجہ ضیاء احمد نے اسلام آباد میں بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دینے کے وزیرِ اعظم پاکستان محمد نواز شریف کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی کامیابی کا اصل راز بلدیاتی نظام ہے کیونکہ اس نظام کے تحت شہری اپنی فلاح و بہبود کے فیصلے خود کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد بلا شُبہ پاکستان بلکہ دنیا کے خوبصورت شہروں میں سے ایک شہر ہے اورتوقع ہے کہ ایم سی آئی اسے مزید خوبصورت اور بے مثال شہر بنانے کے لیے اپنا متحرک کردار ادا کرے گی۔

برطانیہ کے میئربرطانیہ کے شہرہائی وے کمب کے میئر راجہ ضیاء احمد نے اسلام آباد کے پہلے منتخب میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو برطانیہ کی دعوت دیتے ہوے کہا کہ ان کی کارپوریشن کے لیے یہ اعزاز کی بات ہو گی کہ وہ ہماری کارپوریشن کے اجلاس سے خطاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں شہروں کی کارپوریشن کو مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کے علاوہ تجربات سے استفادہ کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ اس موقع پر میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے برطانیہ کے میئر کو اسلام آباد سے متعلق کتاب بھی پیش کی۔ ملاقات میںبرطانیہ کے شہرہائی وے کمب کے میئر راجہ ضیاء احمد کے ساتھ وفد کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :