واہ کینٹ،وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کا آرڈننس فیکٹریز واہ کینٹ کا دورہ،

براس ملز کا افتتاح کیا ، پی او ایفکے لیے 2اضافی انکریمنٹس، 25فیصد اسپیشل پی او ایف الائونس اور ایک ہائوسنگ سکیم کا اعلان

پیر 6 فروری 2017 22:39

واہ کینٹ،وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کا آرڈننس فیکٹریز واہ کینٹ ..
واہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 فروری2017ء) وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے آج پاکستان آرڈننس فیکٹریز واہ کینٹ کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے واہ براس ملز کا افتتاح کیا جس کی پیداواری صلاحیت 7ہزار میٹرک ٹن سے بڑھ کر24ہزار میٹرک ٹن ہو گئی ہے یہ براس مل پی او ایف کی براس کی ضروریات پوری کرنے کے بعدمقامی مارکیٹ کی ضروریات کو بھی پورا کرے گی ۔

وزیر اعظم پاکستان نے زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل براس مل کے قیام پر پی او ایف انتظامیہ کی کاوشوںکو سراہا ۔ بعد ازاں لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات، ہلال امتیاز (ملٹری) چیئرمین پی او ایف بورڈ نے وزیر اعظم پاکستان کو پی او ایف کی پیداواری صلاحیتوں کے بارے میںتفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی او ایف نہ صرف پاکستان کی مسلح افواج کی روایتی اسلحہ و گولہ بارود کی ضروریات کو پورا کر رہی ہے بلکہ 40سے زیادہ دوست ممالک کو اپنی مصنوعات برآمد بھی کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم پاکستان نے اس موقع پر پی او ایف ملازمین کے لیے 2اضافی انکریمنٹس، 25فیصد اسپیشل پی او ایف الائونس اور ایک ہائوسنگ سکیم کا بھی اعلان کیا۔ اس سے پہلے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات، ہلال امتیاز (ملٹری) چیئرمین پی او ایف بورڈ نے پی او ایف ہیلی پیڈ پر وزیر اعظم پاکستان کا استقبال کیا۔

وزیر اعظم پاکستان نے پی او ایف کے پراڈکٹ ڈسپلے لائونج کا بھی دور ہ کیا اور ملکی دفاع میں پی او ایف کے کردار کی تعریف کی۔ مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کرتے ہوئے وزیر اعظم نے لکھا کہ آج پی او ایف جیسے عظیم دفاعی پیدوار کے ادارے کا دورہ کر کے انتہائی مسرت ہوئی ہے ۔ پی او ایف ملٹری مصنوعات بنانے والا وطن عزیز کا ایک فخریہ ادارہ ہے جسے اندرون و بیرون ملک سمال آرمز اور ایمونیشن بنانے میں عظیم شہرت حاصل ہے۔

وزیر اعظم پاکستان نے مزید لکھا کہ اسے پی او ایف کی پیشہ وارانہ صلاحیت اور اعلیٰ کارکردگی پر فخر ہے اور اس آرگنائزیشن کو جس بہتر طریقے سے چلایا جا رہا ہے انہیں اس پر بجا طور پر فخر ہے۔وزیر اعظم پاکستان نے چیئرمین پی او ایف بورڈ کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے لکھا کہ چیئرمین پی او ایف بورڈ نے پی او ایف کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے نئی ٹیکنالوجیز متعارف کرائی ہیں جو کہ بلا شبہ قابل تحسین ہے۔ چوہدری نثار علی خان وفاقی وزیر داخلہ، رانا تنویر حسین وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار، لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید محمد اویس سیکرٹری دفاعی پیداوار ڈویژن اور سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم بھی پی او ایف کے دورہ کے موقع پر وزیر اعظم کے ہمراہ تھی

متعلقہ عنوان :