حکومت کے مثالی اقدامات کی بدولت صوبے میں نمایاں تبدیلی آئی ہے،اسد قیصر

عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا، کھوکھلے نعروں اوردعووں پر نہیں بلکہ عملی اقدمات پر یقین رکھتے ہیں ،سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی

پیر 6 فروری 2017 21:49

حکومت کے مثالی اقدامات کی بدولت صوبے میں نمایاں تبدیلی آئی ہے،اسد ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2017ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت کے مثالی اقدامات کی بدولت صوبے میں نمایاں تبدیلی آئی ہے اور عوام کا معیار زندگی بلند ہوا ہے ۔سیاسی مخالفین سے صوبائی حکومت کی مقبولیت برداشت نہیں ہو رہی اور ان کے قائدین بوکھلابٹ کا شکار ہوکر آئے روز نئے نئے بیانات دے کر اپنے سیاسی احیاء کی تگ و دومیں مصروف ہیں ،لیکن اب عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا کیونکہ عوام کھوکھلے نعروں اوردعووں پر نہیں بلکہ عملی اقدمات پر یقین رکھتے ہیں ۔

زیدہ ضلع صوابی میں عوامی مسائل سننے اور موسیٰ بانڈہ میں منعقدہ کھلی کچہری کے موقع پر عوام سے خطا ب کر تے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔اس موقع پر ضلع صوابی کے ڈسٹرکٹ وتحصیل ممبران کے علاوہ عمائدین اور اہل علاقہ کثیر تعداد میں موجود تھے ۔

(جاری ہے)

زیدہ کے عمائدین نے علاقے کے مسائل کے حوالے سے سپیکر کو بتایا کہ زیدہ کے باقی ماندہ علاقے کو گیس کی فراہمی کے علاوہ زیدہ بائی پاس روڈ، سیند لار اورہنڈلار کی پختگی گاؤں کا دیرینہ مسئلہ ہے ۔

بعد ازاںکھلی کچہری کے موقع پر موسیٰ بانڈ ہ زیدہ کے لوگوں نے اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ نہر کنارے 120گزحفاظتی دیوار ،دلارام بانڈہ میں جنازہ گاہ کے علاوہ سوختہ نہر پردوپلوں کی تعمیر اور سولر ٹیوب ویل کی تنصیب سے علاقے کے لوگوں کا بڑے مسائل حل ہو جائیں گے ۔اس موقع پر سپیکر نے اہل علاقہ کے تمام مطالبات سے اتفاق کرتے ہوئے انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کا یقین دلایا اور بعض چھوٹے مسائل کے حل کیلئے موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں ۔

اسدقیصر نے کہا کہ اپریل تک موٹروے سے لے کر زیدہ تک دریائے سندھ کنارے تمام روڈ کو مکمل کرکے ملحقہ دیہاتوں کی آمدورفت کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ علاقے کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور انہوں نے اپنے دورمیں صوابی کی ترقی وخوشحالی کیلئے جتنے فنڈز فراہم کئے ہیں اس سے علاقے میں خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے صوابی میں وومن یونیورسٹی ،گجوخان میڈیکل کالج کا قیام اور صوابی یونیورسٹی کو 80کروڑ فنڈز کی فراہمی موجودہ حکومت کا کارنامہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی فراہمی کیلئے بھی صوبائی حکومت فنڈز فراہم کر رہی ہے لیکن گیس کنکشن کی فراہمی کیلئے وفاقی حکومت NOCاین او سی جاری نہیں کر رہی ،لیکن زیدہ کے باقی ماندہ علاقے کو گیس کی فراہمی کے لئے وہ اپنی کوششیں جاری رکھیں گے ۔اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صوابی سمیت ان تمام پسماندہ علاقوں میں بلاامتیاز ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ہیںجو ماضی میں حکومتوں کی عدم توجہی کا شکار رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوابی کے عوام نے ہمیشہ صوبے کی ترقی کیلئے بھر پور کر دار ادا کیا ہے لیکن کسی بھی سابقہ حکومت نے یہاں کے عوام کے مسائل کو حل نہیں کیا لیکن موجودہ حکومت کے اقدامات کی بدولت صوابی کا نقشہ بدل گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :