صوبے کے پسماندہ اضلاع کی فلاح و ترقی ان کی ترجیحات میں شامل ہیں،پرویز خٹک

حکومت انصاف کی فراہمی، قانون کی بالادستی اور حقدار کو حق اسکی دہلیز پر دینے پر یقین رکھتی ہے،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

پیر 6 فروری 2017 21:48

صوبے کے پسماندہ اضلاع کی فلاح و ترقی ان کی ترجیحات میں شامل ہیں،پرویز ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبے کے پسماندہ اضلاع کی فلاح و ترقی ان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ ضلع کوہستان کے عوام خصوصاً عمائدین قومی سوچ پیدا کریں اور متحد ہو کر علاقے کی ترقی پلان کریں اور اپنے مسائل تحریری صورت میں دیں۔ حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔ وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں تحریک انصاف کے ریجنل صدر زرگل خان کی سربراہی میں ضلع کوہستان کے نمائندہ وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔

ممبر صوبائی اسمبلی حلقہ پی کے۔62 محمد عصمت الله، تحریک انصاف ، عوامی نیشنل پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، قومی وطن پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے مقامی رہنما اور مصالحتی کمیٹی کے دیگر ممبران وفد کے اراکین میں شامل تھے۔

(جاری ہے)

وفد نے ضلع کوہستان کی ترقی کے لئے موجودہ صوبائی حکومت کی گہری دلچسپی کوسراہا اور بعض مسائل کی طرفٖ توجہ دلائی۔ وزیر اعلیٰ نے ضلع کوہستان میں عوام کو درپیش مسائل و مشکلات تحریری صورت میں طلب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت انصاف کی فراہمی، قانون کی بالادستی اور حقدار کو حق اسکی دہلیز پر دینے پر یقین رکھتی ہے۔

یہ واحد حکومت ہے جو ضلع کوہستان جیسے پسماندہ اضلاع کی 70سالہ محرومیوں کے ازالے کے لئے کل وقتی اقدامات کر رہی ہے۔ یکساں ترقیاتی حکمت عملی کے تحت تمام اضلاع کو مساوی بنیادوں پر وسائل فراہم کر رہے ہیں۔ حکومت دستیاب وسائل کے مطابق اقدامات کر رہی ہے۔ مگر صرف حکومتی اقدامات کو ہی کافی نہ سمجھا جائے۔ جب تک عوام متحد نہ ہوں گے قومی سوچ پیدا نہ کریں گے تب تک حکومتی اقدامات کے اہداف حاصل نہ ہوں گے۔ امن کی فضا اور ترقی دوست ماحول پیدا کریں۔عمائدین علاقہ کا کردار اس سلسلے میںبڑی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیر اعلیٰ نے وفد سے کہا کہ کوہستان آپ کا علاقہ ہے آپ اسکے مسائل سے واقف ہیں ، کوہستان کی ترقی خود پلان کریں حکومت بھرپور تعاون کر ے گی۔

متعلقہ عنوان :