صحت مند معاشرے کے لئے یوتھ کو ساتھ لے کر انہیں اصلاحی پروگرام اور فروغ تعلیم کے لئے آگے لانا ہو گا

وفاقی وزیر پورٹ ایند شپینگ سینیٹر میر حاصل خان بزنجو

پیر 6 فروری 2017 20:58

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2017ء) وفاقی وزیر پورٹس ایند شپینگ سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرے کے لئے یوتھ کو ساتھ لے کر انہیں اصلاحی پروگرام اور فروغ تعلیم کے لئے آگے لانا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب میر محمد بلوچ پروگریسیئو اکادمی کے پہلے یوم تاسیس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے ڈاکٹر توصیف احمد خان، سینئر صحافی مجاہد بریلوی، حارث گزدر، ڈاکٹر جمیل بھوجانی، محمد شفع آزاد، اورنگزیب ضیاء اور لالہ محمد حسین ایچ بلوچ نے بھی خطاب کیا۔ وفاقی وزیر میر حاصل خان بزنجو نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے کو انتہاپسندی، عدم برداشت جیسے حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے اور آنے والی نسلوں کو محفوظ کرنے کے لئے نوجوانوں کو آگے لانا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا میں انتہا پسندی نے لاکھوں لوگوں کی جان لی ہے اس لئے ہم اپنے آپ کو اور معاشرے کے ہر فرد کو بہتر بنانے کے لئے مل کر کام کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ فرد ہو یا برادری جب یہ فیصلہ کر لیں کہ ہمیں ٹھیک ہونا ہے تو اسے کوئی نہیں روک سکتا ہے۔ سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کے مسائل کے لئے سب سے بہترین مثال کوئٹہ کی ہزارہ برادری کی ہے جنہوں نے مل کر یہ طے کیا کہ ہمیں گندگی کا خاتمہ کرنا ہے اور اپنے علاقے کو صاف ستھرا رکھنا ہے اور یہ کام اس برادری نے باہمی اتحاد کے ذریعے کر کے بھی دکھایا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے، ہمیں انہیں آگے لاتے ہوئے مثبت سمت دینی ہے تاکہ ہمارے یہ نوجوان ایک اچھے پاکستانی بن کر ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میر محمد بلوچ پروگریسیئو اکادمی بھی ان ہی نظریات اور سوچ پر کام کر رہی ہے کہ ایک اچھے فرد کے لئے ضروری ہے کہ ہم مل کر تعلیم کو عام کریں اور امن قائم کرنے، دوستی اور بھائی چارہ قائم کرنے والی تحریکوں کی معاونت کریں۔

میر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ میر محمد بلوچ پروگریسیو اکادمی کے دوست بابا میر غوث بخش بزنجو کے نظریات کے امین ہیں اور گزشتہ نصف صدی سے مستقل مزاجی سے اپنے حلقے میں کام کر رہے ہیں جس کو سب قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکادمی جیسی تنظیمیں ملک بھر میں ہونی چاہیئں جس سے نہ صرف معاشرتی برائیاں ختم ہوں گی بلکہ ایک اچھا معاشرہ بھی ملے گا۔ آخر میں میر حاصل خان بزنجو نے میر محمد بلوچ پروگریسیئو اکادمی کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :