حافظ سعید اور ان کے ساتھیوں کی نظر بندی الاقوامی دبائو کا نتیجہ لگ رہا ہے، راجہ پرویز اشرف

،پاکستان کو بین الاقوامی دبائو کی بجائے اپنے قومی مفاد میں فیصلے کرے تاکہ پاکستان کا نام ایک خوددار ملک کی حیثیت سے ابھر کر سامنے آ سکے، سابق وزیراعظم پانامہ سیکنڈل میں پیپلز پارٹی کا کوئی وزیر اعظم ملوث ہوتا تو وہ اب تک ’’پھٹے ‘‘ چڑھ چکا ہوتا تاہم انہیں توقع ہے کہ سپریم کورٹ پانامہ سیکنڈل بارے ایسا فیصلہ کرے گی جس میں انصاف ہوتا ہوا نظر آئے گا ، خصوصی گفتگو

پیر 6 فروری 2017 20:55

حافظ سعید اور ان کے ساتھیوں کی نظر بندی الاقوامی دبائو کا نتیجہ لگ رہا ..
رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 فروری2017ء) سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جماعت الدعوة کے امیر حافظ محمد سعید اور ان کے ساتھیوں کی نظر بندی اور ان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنا بظاہر بین الاقوامی دبائو کا نتیجہ لگ رہا ہے ،پاکستان کو بین الاقوامی دبائو کی بجائے اپنے قومی مفاد میں فیصلے کرے تاکہ بین الاقوامی دنیا میں پاکستان کا نام ایک خوددار ملک کی حیثیت سے ابھر کر سامنے آ سکے ۔

گزشتہ روز میانوالی قریشیاں رحیم یار خان میں سابق ایم این اے مخدوم نور محمد ہاشمی کے بیٹے مخدوم صفی الدین ہاشمی کی شادی کے موقع پر ’’آن لائن‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر پانامہ سیکنڈل میں پیپلز پارٹی کا کوئی وزیر اعظم ملوث ہوتا تو وہ اب تک ’’پھٹے ‘‘ چڑھ چکا ہوتا تاہم انہیں توقع ہے کہ سپریم کورٹ پانامہ سیکنڈل بارے ایسا فیصلہ کرے گی جس میں انصاف ہوتا ہوا نظر آئے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانامہ سیکنڈل پاکستانی تاریخ کا اہم ترین سیکنڈل ہے اگر اس میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا نہ دی گئی تو پاکستان میں کرپشن اپنے عروج کو پہنچ سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 6 ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعویٰ کرنے والوں کے دور حکومت میں ابھی تک سردیوں میں بھی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ پیپلز پارٹی کے دور کے مقابلے میں زیادہ ہے تاہم اب ن لیگی حکمران عوام کو 2018ء میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا لولی پاپ دے رہے ہیں جس کی حقیقت 2018ء میں ہی سامنے آئے گی ۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان میں جمہوریت کی علامت ہیں اور انہیں توقع ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی ملک بھر میں ریکارڈ کامیابیاں حاصل کرے گی جس کے بعد پاکستان بھر میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رحیم یار خان میں پاکستان پیپلز پارٹی کو واضح مینڈیٹ ملنے کے باوجود ن لیگی اکابرین نے پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ پر شب خون مارا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے تاہم انہیں توقع ہے کہ رحیم یار خان کی عوام آئندہ عام انتخابات میں اپنے ووٹ کے ذریعے ایک بار پھر پیپلز پارٹی کو کامیاب کرائیں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ 10 مارچ کو ملتان میں ہونے والا پاکستان پیپلز پارٹی کا جلسہ جنوبی پنجاب کی سیاست میں ایک نیا موڑ ہو گاجس کے اثرات آئندہ عام انتخابات میں واضح طور پر پیپلز پارٹی کے حق میں نظر آئیں گے ۔اس موقع پر ایم این اے شیخ فیاض الدین ،ایم پی ایز مخدوم مرتضی محمود، رئیس ابراہیم خلیل ،قاضی عدنان فرید ،رئیس محبوب احمد ،چوہدری عمر جعفر ،وزیر اعظم کے چیف کوآرڈینیٹر برائے یوتھ پروگرام مخدوم عدیل الرحمن ہاشمی ،مخدوم معین الدین ہاشمی ،مخدوم صہیب حسن ہاشمی ،سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین ،سابق وزیر مملکت چوہدری ظفر اقبال وڑائچ ،نائب ضلع ناظم چوہدری محمد نعیم شفیق ،سابق ایم این اے غوث محمد مزاری ،سابق صوبائی وزیر سردار زاہد حسین خان مزاری ،چیئر مین یونین کونسلز ،کونسلرز اور عمائدین علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔