وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ کی افغان کھلاڑیوں کی پاکستان میں ٹریننگ کی پیش کش

افغانستان اپنے کھلاڑیوں کو تربیت کے حصول اور مقابلوں کیلئے پاکستان بھجوا سکتا ہے، پاکستان اور افغانستان کے مابین بالخصوص کرکٹ اور فٹبال کے میچز ہونے چاہئیں ، ریاض حسین پیرزادہ کی افغان سفیر عمر زاخیلوال سے ملاقات میں گفتگو

پیر 6 فروری 2017 19:45

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ  کی افغان کھلاڑیوں کی پاکستان میں ٹریننگ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 فروری2017ء) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے افغان کھلاڑیوں کی پاکستان میں ٹریننگ کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان اپنے کھلاڑیوں کو تربیت کے حصول اور مقابلوں کیلئے پاکستان بھجوا سکتا ہے، پاکستان اور افغانستان کے مابین بالخصوص کرکٹ اور فٹبال کے میچز ہونے چاہئیں۔

وہ پیر کو افغان سفیرحضرت عمر زاخیلوال سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے ۔ ملاقات میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کے سیکریٹری راجہ محمد نادر علی اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اختر نواز گنجیرا بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ افغانستان اپنے کھلاڑیوں کو تربیت کے حصول اور مقابلوں کے لئے پاکستان بھجوا سکتا ہے ، پاکستان اور افغانستان کے مابین بالخصوص کرکٹ اور فٹبال کے میچز ہونے چاہیے ، سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں پاکستان اور ایران کے مابین ہونے والے ڈیوس کپ کا حوالہ دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ افغانستان کو بھی اپنے کھلاڑیوں کو پاکستان بھیجنا چاہیے کہ سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھلاڑیوں کو کھیل کی سہولت ، فول پروف سکیورٹی کے انتظامات موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے نوجوانوں کو کھیل کے میدان میں آگے بڑھنا چاہیے ۔ افغانی سفیر نے اس بات کو مثبت قرار دیا کہ دونوں ممالک کے مابین میچز کا انعقاد ہونا چاہیے ۔ (رڈ)