عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے حکمرانوں کی خاموشی معنی خیز ہے‘ میاں مقصود احمد

غلط ترجیحات اور ناقص حکمت عملی کے باعث ملکی خودمختاری اور سلامتی دائو پر لگ چکی ہے‘امیرجماعت اسلامی پنجاب

پیر 6 فروری 2017 18:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2017ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی کے بیان کہ’’شکیل آفریدی کی رہائی کے معاملے پر امریکہ سے بات ہوسکتی ہے‘‘پراپنے ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت پاکستان کی کمزور خارجہ پالیسی سے ملکی مفاد کوشدیدنقصان پہنچ رہا ہے ،حکومت کے چارسال پورے ہونے کو ہیں مگر ابھی تک پاکستان کا کوئی وزیر خارجہ ہی نہیں لگایا جاسکا،اس بات سے بخوبی اندازہ ہوجاتا ہے کہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت ڈنگ ٹپائو پالیسیوں کے سہارے ملک چلانے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ قوم کی بیٹی ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے حکمرانوں کی معنی خیز خاموشی درحقیقت خارجہ پالیسی کی کھلم کھلاناکامی ہے۔

(جاری ہے)

پوری قوم کامطالبہ ہے کہ حکومت وقت عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے سنجیدہ عملی اقدامات کرے۔انہوں نے کہاکہ یوں محسوس ہے کہ جیسے وزیر اعظم نوازشریف کے نزدیک صرف سڑکوں اور پلوں کی تعمیر ہی ملک وقوم کی ترقی کا باعث اور تمام عوامی مشکلات سے نجات کاراستہ ہے۔

20کروڑ عوام کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔پاکستان کی آزادی،خودمختاری،سلامتی اوربقا سب کچھ حکمرانوں نے اپنی غلط ترجیحات اور ناکام حکمت عملی سے دائو پر لگادیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک وقوم کی ترقی کے لیے اپوزیشن کاکام ہے کہ وہ غلط اقدامات کی نشاندہی کرے،عوامی مسائل کو ایوانوں میں اٹھائے مگر بدقسمتی سے حکومت اور اپوزیشن دونوں اپنے اپنے مفادات کی جنگ لڑرہے ہیں۔

عوام میں حکمرانوں کی کارکردگی کے حوالے سے مایوسی بڑھ رہی ہے۔میاں مقصود احمد نے کہاکہ پاکستان ایک نازک دور سے گزررہا ہے۔مٹھی بھر اشرافیہ 20کروڑ عوام کی تقدیر کی مالک بنی بیٹھی ہے۔ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والاشخص حکومتی پالیسیوں کاخمیازہ بھگت رہا ہے۔حکمران داخلی وخارجی دونوں محاذوں پر بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسی پالیسیاں مرتب کی جائیں جن کا حقیقی معنوں میں عوام کو فائدہ پہنچے۔

متعلقہ عنوان :