مسلم لیگ اور اپوزیشن اتحاد کے لیے چوہدری شجاعت کی کوششیں ضرور برآور ثابت ہونگی ،سید بلال شیرازی

اپوزیشن مضبوط ہوگی تو ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا متحدہ اپوزیشن ہی ملک و قوم کی بہتر طریقہ سے خدمت کرسکتی ہے ، صدر مسلم لیگ یوتھ ونگ

پیر 6 فروری 2017 17:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 فروری2017ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما و مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ اور اپوزیشن اتحاد کے لیے چوہدری شجاعت حسین کی کوششیں ضرور برآور ثابت ہونگی انہوںنے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین تمام مسلم لیگوں اور اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کیلئے سرگرم عمل ہیں اور سیاسی لیڈران سے ملاقاتیں اس کوشش کا حصہ ہیں انہوںنے کہا کہ اپوزیشن مضبوط ہوگی ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں یوتھ ونگ کے عہدیداران و کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن ہی ملک و قوم کی بہتر طریقہ سے خدمت کرسکتی ہے اگر اپوزیشن کمزور ہوگی تو حکمران اپنی من مانیاں کرینگے اور عوام پر بے جاٹیکس لاگو کرکے اپنے شاہانہ اخراجات کا بوجھ بھی عوام پر ڈالیں گے اپوزیشن مضبوط ہوگی تو حکمران عوام دشمن فیصلے کرتے وقت سوچ بچار سے کام لیں گے اور عوام دشمن فیصلوں سے اجتناب برتیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب چوہدری شجاعت حسین کی کوششیں کامیاب ہونگی اور تمام اپوزیشن جماعت ایک پلیٹ فارم پر ہونگی ، عالمی حالات بھی اس بات کے متقاضی ہیں کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوجائیںیہی ملک و قوم کے بہترین مفاد میں ہے۔