محکمہ سکول ایجوکیشن تربیت اساتذہ کے نظام کو مکمل طور پر ری ڈیزائن کرے گا،رانا مشہود

پیر 6 فروری 2017 16:37

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2017ء) محکمہ سکول ایجوکیشن نے تربیت اساتذہ کے نظام کو مکمل طور پر ری ڈیزائن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے اساتذہ کی جدید تعلیمی تصورات تک آگاہی ممکن بنانے اور طالبعلموں کی حصول تعلیم میں دلچسپی بڑھانے کیلئے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کو بھر پور انداز سے استعمال میں لایا جائے گا۔

یہ بات صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب میں بتائی۔ اجلاس میں چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر محمد نظام الدین، ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی، ایڈیشنل سیکرٹری سکولز ایجوکیشن رانا حسن اختر ،متعلقہ محکموں کے افسران اور نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تربیت اساتذہ کے نظام کی بہتری پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

صوبائی وزیر رانا مشہود نے اجلاس کو بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ کے توسط سے ٹیچرز ٹریننگ سسٹم کوجدید بنایا جا رہا ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ اساتذہ کو جدید تعلیمی تصورات سمیت کلاس روم مینجمنٹ اور چائلڈ سائیکالوجی سے بھی آگاہ کریں گے۔حکومتی اصلاحات کی کامیابی میں ٹیچرز کمیونٹی کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ہم نے اساتذہ کیلئے درکار سہولتوں میں اضافہ کیا ہے۔

اسی طرح ضلع و تحصیل کی سطح پر سکول ایجوکیشن کے نظام کو جدید بنا کر طالبعلموں کو کوالٹی ایجوکیشن مہیا کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومتی تعلیمی اصلاحات کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔ عالمی اداروں نے پنجاب حکومت کے فروغ تعلیم نظام کو دنیا بھر کے پانچ بہترین ماڈلز میں شامل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی تربیت سے کوالٹی ایجوکیشن کے ساتھ ساتھ سکولوں کے تعلیمی ماحول میں بھی بہتری آئے گی جس کا فائدہ طالبعلموں کو پہنچے گا۔

متعلقہ عنوان :