موجودہ حکومت کی پالیسوں اور میگا پراجیکٹس کی بدولت ملک میں استحکام آیا ہے،سی پیک کی بدولت ملک کی معیشت مضبوط ہو گی اورخوشحالی آئے گی

گورنرپنجاب رفیق رجوانہ کی وفود سے گفتگو

اتوار 5 فروری 2017 22:20

ملتان۔5 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔موجودہ حکومت کی پالیسوں اور میگا پراجیکٹس کی بدولت ملک میں استحکام قائم ہوا ہے ۔ امن و امان میں بہت بہتری آئی ہے ۔ سی پیک کی بدولت ملک کی معیشت مضبوط ہو گی اورخوشحالی آئے گی ۔روز گار کے مواقع پیدا ہونگے۔

عوامی مسائل کو حل کر نے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار سرکٹ ہائوس میں ملاقات کیلئے آنے والے مختلف وفود سے کیا جن میں صو بائی وزیر زکوةٰ و عشر محترمہ نغمہ مشتاق لانگ، مولانا فضل الرحمن کے صاحبزادے مولانا اسد ، سابق صو بائی وزیر حاجی احسان الدین قریشی شامل تھے۔ اس موقع پر ملک آصف رجوانہ ،وائس چیئر مین ضلع کونسل ملک سرفراز کھور ،چیئر مین یونین کونسلز ملک رشید میٹ ،ملک مشتاق کالرو، سید اصغر علی شاہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے مزید کہا کہ ملتان میں میٹرو بس کے افتتاح سے لوگوں میں خوشی اور جوش و خروش دیدنی ہے۔ ہر روز ہزاروں لوگ اس پر سفر کرتے ہیں ۔طلبہ و طالبات پر سکون ، محفوط اور آرام دہ سفر کر کے اپنے تعلیمی اداروں میں پہنچتے ہیں ۔ میٹرو بس سسٹم سے ملتان کی خوبصورت میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔سر سبز اور خوبصورت پودے بہت پیارا منظر پیش کر رہے ہیں ۔

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے مزید کہا کہ ملتان کے تمام مسائل کو مرحلہ وار حل کیا جا رہا ہے ۔حکومت صحت، تعلیم ،پینے کے صاف پانی اور سیوریج کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے ۔بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت کام کیا جا رہا ہے ۔تاکہ نچلی سطح تک عام آدمی کو ریلیف ملے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوموں کی ترقی کیلئے بڑی محنت اور جدوجہد کی ضرورت ہوتی ہے ۔

وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف جس طرح محنت سے کام کر رہے ہیں یقینا بہت جلد پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو گا۔ وزیر اعلی پنجاب نے جس طرح صوبے بھر میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کی ہوئی ہے ۔ وہ قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے تمام لوگ جو پاکستان کی ترقی چاہتے ہیں انہیں محنت ،دیانت داری اور لگن سے کام کریں اور ایسے لوگوں کا ساتھ نہ دیں جو پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالتے ہیں۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ہمارے نوجوانوں کے کندھوں پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہے کہ وہ ملکی معیشت کو مضبوط کرنے اور ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ جن قوموں کے نوجوان ہمت ،حوصلہ اور محنت سے کام کرتے ہیں وہ قومیں بلند مقام حاصل کرتی ہیں ۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے اس موقع پر مختلف لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے احکامات جاری کئے۔