زرعی یونیورسٹی فیصل آبادمیں بھی یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا

اتوار 5 فروری 2017 22:10

فیصل آباد۔5 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2017ء)ملک کے دوسرے شہروں کی طرح فیصل آباد کی زرعی یونیورسٹی میں بھی یوم یکجہتی کشمیر اس عزم کے ساتھ منایا گیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر میں بھارتی غاصبوں سے نجات کیلئے جدوجہد آزادی کی حمایت کوبھرپور توانائی سے آگے بڑھایا جائے گا ۔ یونیورسٹی کے سینئر ٹیوٹر آفس اور شعبہ تعلقات عامہ و مطبوعات کے اشتراک سے منعقدہ خصوصی تقریب میں یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے کہا کہ آزادی ہر انسان کا بنیادی حق ہے مگر کشمیر ی نوجوانوں‘ بچوں‘ خواتین اور بوڑھوں پر ہر روز بھارتی فوجوں کے ظلم و جبرکے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں تاہم گزشتہ 7دہائیوں پر محیط بھارت کی پوری ریاستی طاقت اور سات لاکھ سے زائد فوج بھی کشمیریوں کی شمع آزادی کو بجھانے میں بری طرح ناکام رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیرکا ہر گھرانہ شہیدوں کی مثالی داستانوں سے بھرا پڑا ہے یہی وجہ ہے کہ وہاں دنوں میں قبرستان آباد ہورہے ہیںجس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے ذریعے کشمیریوں کی حمایت کیلئے آواز بلند کرنے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو سائنس و ٹیکنالوجی اور زرعی شعبہ اور دفاعی لحاظ سے مضبوط بناکر ہم کشمیرکا مقدمہ مزید بہتر انداز میں لڑ سکتے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ ہم اپنی تمام صلاحیتیں ملک کی خوشحالی اور دیہی ترقی کیلئے بروئے کار لائیں ۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ آزادی کو حقیقی نعمت جانتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو اس قوم کی کشتی کو محنت‘ لگن‘ شفافیت اور میرٹ کو پروان چڑھاتے ہوئے ساحل مراد تک لیجانے کیلئے استعمال کریں تاکہ تعمیر پاکستان کے بعد تکمیل پاکستان کا مورخ ان کے کردار کوسنہری حروف سے ضبط تحریر میں لا سکے۔ایسوسی ایٹ سینئر ٹیوٹر ڈاکٹرطاہرصدیقی نے کہا کہ 70برسوں سے بھارتی غاصب فوج کشمیرکو نوجوانوں کا قبرستان بنانے کی راہ پر گامزن ہے تاہم کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دیکھتے ہوئے وہ سمجھتے ہیں کہ دنیا کی کوئی طاقت زیادہ دیر تک کشمیریوں کو ان کے بنیادی حق سے محروم نہیں رکھ سکتی ۔

انہوں نے کہا کہ مشرقی تیمور یا ڈارفرجیسے ایشوز پر اقوام متحدہ فوری متحرک ہوتی ہے تاہم دو ایٹمی طاقتوں کے مابین 70سال سے تصفیہ طلب غیرمعمولی مسئلہ پر اس کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے کشمیر سے متعلق بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان کی تکمیل نامکمل اور ادھوری ہے ۔ تقریب کے دوران سینئر ٹیوٹر آفس کے طلباء و طالبات نے کشمیریوں کی جدوجہد اور بھارتی غاصبوں کی انسانیت سوز کارروائیوں پر مبنی دلچسپ مگر فکر انگیز خاکے پیش کرکے شرکاء کے لہو کو گرماتے رہے۔