پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے بھرپور آپریشن کریں،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)

اتوار 5 فروری 2017 22:10

فیصل آباد۔5 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2017ء) ضلع کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بلاجواز اور بے جا مہنگائی کے رجحان کو کنٹرول کرنے کیلئے بھرپور آپریشن کریں اور مارکیٹوں و بازاروں میں چھاپے مارکر صارفین کو ناجائز منافع خوروں سے نجات دلائیں اور گرانفروشوں کے خلاف سخت ترین ایکشن سے گریز نہ کیا جائے تاکہ کسی دکاندار کو اوور چارجنگ کی جرات نہ ہو۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد شاہد نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی گذشتہ ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ پھلوں، سبزیوں، دالوں اور دیگر اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والوں کو روزانہ چیک کریں اور سرکاری طور پر مقرر کردہ قیمت سے زائد اور پرائس لسٹ کے بغیر اشیاء فروخت کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کے گرانفروشوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کے ایسے واضح نتائج نظر آنے چاہیں کہ کوئی من مانی قیمت وصول نہ کرسکے۔انہوں کہا کہ بازاروں اور مارکیٹوں میں اشیائے خوردنی کی مسلسل چیکنگ کی بدولت نہ صرف عوام کو مقررہ قیمت پر اشیاء دستیاب ہوتی ہیں بلکہ حکومتی اقدامات کے ثمرات بھی عوام تک پہنچتے ہیں لہذا کسی قسم کی سستی یا عدم توجہی کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ گذشتہ ماہ جنوری میں دوران چیکنگ 354 چھاپوں میں گرانفروشوں کو 3 لاکھ 26 ہزار 800 روپے جرمانہ اور 6 دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے۔

متعلقہ عنوان :