کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ضلعی انتظامیہ اور فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام ’’ کشمیر ریلی ‘‘

اتوار 5 فروری 2017 22:10

فیصل آباد۔5 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2017ء) یوم کشمیر کے موقع پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ضلعی انتظامیہ اور فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اشتراک سے ’’ کشمیر ریلی ‘‘ منعقد ہوئی جس کی قیادت چیئرمین فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی / ایم این اے حاجی محمد اکرم انصاری ‘ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی ‘ ارکان اسمبلی بیگم خالدہ منصور ‘ حاجی الیاس انصاری ‘ چوہدری فقیر حسین ڈوگر‘ مدیحہ رانا ‘ ڈاکٹر نجمہ افضل ‘ فاطمہ فریحہ اور سابق ایم پی اے خواجہ محمد اسلام نے کی ۔

ریلی میں ایم ڈی فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرنل عماد اقبال گل ‘ مینجر ( اپریشن ) دائود مکی ‘ اعجاز بندیشہ اور دیگر افسران کے علاوہ یونین کونسلز کے چیئرمین عدنان ملک ‘ عاطف کسانہ‘ شیخ ذوالفقار احمد ‘ ضلع کونسل و میونسپل کارپوریشن کے دیگر ارکان ‘ سول سوسائٹی کے نمائندوں ‘ کمپنی کے سٹاف اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ریلی فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے دفتر سے شروع ہو کر ضلع کونسل چوک میں اختتام پذیر ہوئی ۔ شرکاء نے بڑے بڑے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور ان کی جدوجہد آزادی میں فتح ونصرت ‘ بھارتی افواج کے ظلم و ستم سے متعلق نعرے درج تھے ۔ریلی کے شرکاء نے ’’ کشمیر بننے کا پاکستان ‘‘ کشمیر ہمارا ۔۔ سارے کا سارا ‘‘ ’’کشمیریوں پر ظلم و ستم بند کرو‘‘ اور موجودہ حکومت اور حکمرانوں کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے ۔

ضلع کونسل چوک میں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف ڈبلیو ایم سی /ایم این اے حاجی اکرم انصاری نے کہا کہ کشمیری عوام 70 سال سے آزادی کے حصول کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں اس مقصد کے لئے پاکستان اور کشمیر کے عوام نے بے شمار قربانیاں دی ہیں جو جلد رنگ لانے والی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور یوم کشمیر کے موقع پر پوری پاکستانی قوم کی طرف سے اس عزم و عہد کی تجدید کی جارہی ہے ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی فوج کے ظلم و استبداد کا سختی سے نوٹس لیں اور کشمیریوں کی آزادی کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرائیں ۔ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا کہ یوم کشمیر کے موقع پر تمام پاکستانی قوم اپنے عزم کو دہرارہی ہے کہ کشمیری بھائیوں کی اخلاقی و سفارتی امداد جاری رکھی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق حق خود ارادیت دیا جائے تاکہ وہ آزاد ہو کر اپنی قسمت کا خود فیصلہ کر سکیں ۔ ایم این اے بیگم خالدہ منصور نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے تاکہ پر امن طریقے سے کشمیریوں کو آزادی حاصل ہو ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ان کی آزادی کے لئے بھر پور امداد کرتے رہیں گے ۔

دیگر ارکان پارلیمنٹ حاجی الیاس انصاری ‘ چوہدری فقیر حسین ڈوگر ‘ مدیحہ رانا ‘ ڈاکٹر نجمہ افضل اور فاطمہ فریحہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی پر زور انداز میں مذمت کی اور کہا کہ یوم کشمیر پر جوش انداز میں منانے کا مقصد عالمی طاقتوں کی توجہ مسئلہ کشمیر کی طرف دلانا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر کو انڈین تسلط سے آزاد کرایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کوشاں ہے اور کشمیری بھائیوں کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

متعلقہ عنوان :