وزیراعلی خیبرپختونخوا کا چترال کے مختلف علاقوں میں برفانی تودے گرنے سے ہونیوالے جانی و مالی نقصان پر اظہارافسوس

پی ڈی ایم اے کو ضلع چترال کے مختلف علاقوں میں تباہی و نقصان کا اندازہ لگانے کی بھی ہدایت

اتوار 5 فروری 2017 21:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2017ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ضلع چترال کے مختلف علاقوں میں برفانی تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اتوار کے روز یہاں سے جاری ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان پر متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ ہے۔

انہوں نے پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متاثرین کی فوری امداد یقینی بنائی جائے۔ مزید برآں وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کے حکام کو بھی ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔ پرویز خٹک نے پی ڈی ایم اے کو ضلع چترال کے مختلف علاقوں میں تباہی و نقصان کا اندازہ لگانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ زخمیوں کو جلد صحت اور جاں بحق افراد کو جوار رحمت میں جگہ دے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر بھی افسوس کا اظہار کیاہے انہوںنے صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرین کی فوری امداد یقینی بنائے اور پی ڈی ایم کو صوبے بھر میں ریڈ الرٹ رہنے اور نقصانات کا اندازہ لگانے کی بھی ہدایت کی ہے۔