سبی،کشمیری مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کے موقع پرکشمیر ریلی کاانعقاد

اتوار 5 فروری 2017 21:20

سبی۔05 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2017ء)کشمیری مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کے موقع پر صوبہ بھر کی طرح سبی میں بھی یوم یکجہتی کشمیر ریلی ڈسٹرکٹ چیئرمین ملک قائم الدین دہپال کی قیادت میں نکالی گئی،کشمیری مسلمانوں کی حق خودارادیت کی مکمل حمایت ،بھارتی مظالم کے خلاف سبی شہر کی فضائیں گونج اٹھیں، مودی کا پتلا نذر آتش کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ بھر کی طرح بلوچستان کے دوسرے بڑے شہر سبی میں بھی یوم یکجہتی کشمیر ریلی ڈسٹرکٹ چیئرمین ملک قائم الدین دہپال کی سربراہی میں پبلک پارک سے نکالی گئی ریلی سے ڈپٹی کمشنر سیف اللہ کھیتران ،ڈسٹرکٹ چیئرمین ملک قائم الدین دہپال ،میونسپل چیئرمین حاجی دائود رند،وائس چیئرمین سردار شہداد خان مری ،سردار صادق دہپال،کونسلر میر اللہ داد جتوئی،ملک ساجد بنگلزئی،حاجی محمد حیات رند،مولانا عطااللہ بنگلزئی،مولانا فیض اللہ ،افتخار بنگلزئی،سید امان اللہ شاہ کہیری،میر سلیم خان مرغزانی،قادر بخش لونی،ذاکر جاموٹ ،زاہد مشرف ،میراکبر جاموٹ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ی مسلمانوں پر بھارتی مظالم انتہا کو پہنچ چکے ہیں جبکہ کشمیر برصغیر کا ایک نا مکمل ایجنڈا ہے جس کی تقسیم میں خیانت کرکے کروڑوں مسلمانوں کو غلامی کی زنجیر میں جکڑا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر بھارتی فوج کے مظالم سے ہزاروں کشمیری شہید جبکہ معذور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری مسلمانوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں آزاد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کو بزور طاقت فتح نہیں کیا جاسکتا ہے بلکہ کشمیری مسلمانوںکو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کے لیے اقوام عالم کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے اور اقوام متحدہ کشمیری مسلمانوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کرتے ہوئے شملہ معاہدے کے تحت کشمیری مسلمانوں کو الگ ریاست قرار دیا جائے۔