آزادی کی قیمت پوچھنی ہے تو کشمیریوں سے پوچھیں‘کشمیر ضرورآزاد ہوگا اس کی آزادی کو کوئی نہیں روک سکتا،کشمیر کے مسئلہ پر اقوام متحدہ نے نا انصافیا ں کی ہیں،پاکستان سی پیک کو جواز بنا کر عالمی فورم پر کشمیر کی آزادی کے لیے آواز اٹھائے،پاکستان کی فوج، سیاسی و مذہبی جماعتیں اور قوم کشمیر یوں کیساتھ کھڑی ہیں

سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کی خصوصی بات چیت

اتوار 5 فروری 2017 20:40

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 فروری2017ء) سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ آزادی کی قیمت پوچھنی ہے تو کشمیریوں سے پوچھیں ،کشمیر ی جلد پاکستان سے ملیں گے۔ کشمیر ضرورآزاد ہوگا اور اس کی آزادی کو کوئی نہیں روک سکتا۔کشمیر کے مسئلہ پر اقوام متحدہ نے نا انصافیا ں کی ہیں۔پاکستان سی پیک کو جواز بنا کر عالمی فورم پر کشمیر کی آزادی کے لیے آواز اٹھائے۔

پاکستان کی فوج، سیاسی و مذہبی جماعتیں اور قوم کشمیر یوں کیساتھ کھڑی ہیں۔یو م کشمیرکے سلسلے میں خبررساں ادارے آئی این پی سے گفتگو کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی افواج قابض ہیں جو مسلسل کشمیری عوام پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں جبکہ دوسری جانب کشمیری عوام بھی اپنی آزادی کے لئے تحریک چلا رہی ہے اور پاکستان بھی کشمیر کی آزادی کے لئے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کو کوئی نہیں روک سکتا، جلد امریکہ و یورپ سے بھی کشمیر کی آزادی کی آواز یں بلند ہونگی۔انہوں نے کہا کہ بھارت زیادہ دیر تک کشمیر پرقبضہ برقرار نہیں رکھ سکے گا۔ بھارت کے دانشور کشمیر چھوڑنے کا کہہ رہے ہیں۔ مسئلہ کشمیر میں اب لگتا ہے یو این او غیر فعال ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ جب پاکستان کا ہر بچہ کشمیر کی آزادی کے خواب دیکھتا تھا مگر اب صورتحال ایسی پیدا کردی گئی ہے کہ کوئی اس موضوع پر بات کرنے کو تیار نہیں، ملک میں سیکولرازم کی بات کرنے والوں کو کشمیریوں کی بات بھی لازمی سننا پڑے گی۔