آئندہ سال نساسک سے کیا گیا معاہدہ ختم ہوجائیگا ، میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ

اتوار 5 فروری 2017 19:40

سکھر۔ 5فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2017ء) میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ آئندہ سال 2018 میں نساسک سے کیا گیا معاہدہ ختم ہوجائیگا اور 2018 سے قبل نکاسی و فراہمی آب کے حوالے سے تمام منصوبے مکمل کرائے جائیں گے اور شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی سپلائی بھی یقینی بنائی جائے گی جس کیلئے نساسک افسران کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر حاجی محمد ہارون میمن کی جانب سے دی گئی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں سکھر شہر کی 55 سے زائد تاجر تنظیموں کے صدر اور جنرل سیکریٹریز اور دیگر نے شرکت کی۔ اور میئر سکھر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ تقریب عشائیہ میں سابق ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر عبدالمجید پٹھان، ڈپٹی میئر طارق چوہان سمیت مختلف تاجر تنظیموں کے عہدیداروں محمد طاہر خان، گلزار بھٹو ،حاجی صابر ، فیاض خان، مولانا عثمان فیضی، بدر رفیق قریشی، ، برکت علی سولنگی ،خواجہ جلیل احمد ،عبدالمتین بندھانی، حاجی انور وارثی، محمد زاہد یامین ، ملک رضوان الحق سمیت دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

میئر سکھر نے مذید کہا کہ سکھر شہر کو ایک بہترین شہر بنانے کیلئے کوشاں ہوں اور میں نے اپنی پوری ٹیم کو سکھر شہر کے مسائل کے حل کیلئے متحرک کررکھا ہے۔ میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے اپنے شہر کے بزرگوں ، نوجوانوں ، تاجروں اور شہریوں کی جانب سے جو تعاون اور پذیرائی مل رہی ہے امید ہے کہ میں ایک پرجوش عزم اور حوصلے کے ساتھ کام کرکے سکھر شہر کو ایک مثالی شہر بنانے میں کامیاب ہوجائوں گا جس کیلئے مجھے آپ کی دعائوں اور مشورے اور تعاون کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر طارق چوہان نے کہا کہ تاجر برادری کا شہر کی بہتری کیلئے ہمیشہ بنیادی کردار رہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :