جمہوری اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان ہی تحریک آزادی کا ضامن ہے، کشمیر ی اور پاکستانی ایک جان دو قالب ہیں ،دنیا کی کوئی طاقت پاکستانیوں اور کشمیریوںکو ایک دوسرے سے الگ نہیں کر سکتی، وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان

اتوار 5 فروری 2017 18:30

کوہالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2017ء) آزادکشمیر کے وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان نے کہا ہے کہ مضبوط و مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی منزل ہے۔ جمہوری اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان ہی تحریک آزادی کا ضامن ہے۔ کشمیر ی اور پاکستانی ایک جان دو قالب ہیں ،دنیا کی کوئی طاقت پاکستانیوں اور کشمیریوںکو ایک دوسرے سے الگ نہیں کر سکتی۔

صوبہ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخواہ کو مضبوط و مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔ صوبے مضبوط ہوں گے تو پاکستان مضبوط ہوگا اور پاکستان مضبوط ہوگا تو کشمیری کی آزادی کا ضامن ہوگا۔کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔پاکستان کے ساتھ دل و جان سے کھڑے ہیں۔ پاکستان ہمارا وکیل ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد تحریک آزادی میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں کوئی گھر ایسا نہیں جس نے قربانی نہ دی ہو ۔ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حوصلوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے دوٹوک موقف پیش کرکے کشمیریوں کے دل جیت لیئے ہیں۔اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار سردار میر اکبر خان نے کوہالہ کے مقام پر جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے وزیر لیبر و ہیومن ریسورسز صوبہ پنجاب راجہ اشفاق سرور، وزیر خوراک خیبر پختونخواہ قلندر خان لودھی، وزیر حکومت صوبہ سندھ امداد علی خان پتافی، مشیر وزیراعلیٰ بلوچستان محمد خان لہری، مسلم لیگ ن کے راہنما راجہ افتخار ایوب، صدر مہاجر کیمپ باغ عبدالواحد، راجہ پرویز اشرف، جمعیت علماء اسلام مولانا امتیاز، ڈپٹی کمشنر باغ چوہدری گفتار حسین، نعیم اختر عباسی، جماعت اسلامی کے راہنما جاوید عباسی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ پاکستان اور آزادکشمیر کی سیاسی جماعتوں کے راہنماوں اور کارکنوں، سکولوں کی طلباء و طالبات، بوائز سکاوٹس، بچوں، خواتین، وکلاء، صحافی اور پنچاب اور خیبر پختونخواہ کے عوام اور سول سوسائٹی کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

یوم یکجہتی کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار میر اکبر خان نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے 1932 سے ہی ڈوگرہ راجہ کے خلاف آواز بلند کی تھی اور قربانیاں دیتے چلے آ رہے ہیں۔ تحریک آزادی میں مقبوضہ کشمیر کی عوام نے جو قربانیاں دی ہیں تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کوئی گھر ایسا نہیں جس نے تحریک آرادی کی جدوجہد میں قربانی نہ دی ہو۔

انہوں نے کہا کہ برہان مظفر وانی کی شہادت نے تحریک آرادی میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی 8لاکھ فوج کی موجودگی میں بھی تحریک آرادی اپنے عروج پر ہے اور کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوکر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ یوم یکجہتی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر لیبر و ہیومن ریسورسز راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔

کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد تحریک آزادی میں ایک نئی روح پھونک دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ میں اپنا موقف پیش کیا جس پر ہم انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کر رکھی ہے۔ عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کیئے گئے وعدے پر عملدرآمد کروائیں۔ انہوں کہا کہ کشمیری پاکستان عوام ایک جان دو قالب ہیں دنیا کی کوئی طاقت پاکستانیوں اور کشمیریوں ایک دوسرے سے الگ نہیں کر سکتی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خوراک خیبر پختونخواہ قلندر خان لودھی نے کہا ہے کہ ہندوستان ایک فراڈ اور جمہوریت کے نام پر داغ ہے۔

ہندوستان نے ظلم و ستم کی داستان رقم کی ہوئی ہے۔ وہ زیادہ دیر تک کشمیر میں نہیں ٹھہر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان زیادہ دیر تک مقبوضہ کشمیر کے عوام پر اپنا غیر قانونی تسلط قائم نہیں رکھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تک لاکھوں کی تعداد میں کشمیریوں نے آزادی کی تحریک میں قربانیاں دی ہیں کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور تحریک آزادی ضرور کامیاب ہو گی اور اس کا الحاق پاکستان کے ساتھ ہوگا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر حکومت سندھ امداد علی پتافی نے کہا کہ ایک بھی پاکستان زندہ ہوگا تو وہ بھی کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ کشمیریوں نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لئے قربانیاں دی ہیں ہم ان کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ضرور آزاد ہوگا اور اس کا الحاق پاکستان کے ساتھ ہوگا۔ مشیر وزیراعلیٰ بلوچستان محمد خان لہری نے کہا کہ اہلیان بلوچستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کل بھی ہمارا تھا اور آج بھی ہمارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کی ثقافت، تہذیب و تمدن ، مذہب اور جعرافیائی حیثیت ایک جیسی ہے یہ کبھی الگ نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں تحریک آزادی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے سرگرم عمل رہیں گے۔ آخر میں مقبوضہ کشمیر کے شہداء اور تحریک آزادی کی کامیابی کے لئے دعا کروائی گئی۔

متعلقہ عنوان :