پنجاب کے 15 ہزار سکولوں اور 7 سو بنیادی مراکز صحت کو سولر پر منتقل کرنے کا فیصلہ

بہاولپور یونیورسٹی کو بھی سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا،پروگرام کو مرحلہ وار آگے بڑھایا جائے گا سولر انرجی کے پروگرام پر عملدرآمد میں تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں، محکمہ توانائی کی استعدادکار بڑھانے کی ہدایت ترک کمپنی قائداعظم سولر پارک میں 100 میگاواٹ کا سولر پاور پلانٹ لگا رہی ہے ،منصوبہ 6 ماہ میں مکمل ہوگا ترک کمپنی نے سولر پارک میں مزید 200 میگاواٹ کا سولر پاور پلانٹ لگانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے‘وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 5 فروری 2017 18:10

پنجاب کے 15 ہزار سکولوں اور 7 سو بنیادی مراکز صحت کو سولر پر منتقل کرنے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدار ت یہاں اجلاس منعقد ہوا جس میں ایشیائی ترقیاتی بینک اور فرانس کے اے ایف ڈی بینک کے تعاون سے صوبے میں سولر انرجی کے فروغ کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ترکی کی معروف توانائی کمپنی ذورلو انرجی سے طے پانے والے 100 میگاواٹ کے سولر پاور کے معاہدے پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک اور فرانس کے اے ایف ڈی بینک کے پروگرام کے تحت پنجاب کے 15 ہزار سکولوں کو سولر پر منتقل کیا جائے گااور پنجاب حکومت پہلے ہی اپنے پروگرام کے تحت سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے پروگرام پر عمل پیرا ہے -ایشیائی ترقیاتی بنک اور اے ایف ڈی کے تحت 7 سو بنیادی مراکز صحت جبکہ یونیورسٹی آف بہاولپور کو بھی سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ پروگرام کو مرحلہ وار آگے بڑھایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میں خود سٹیئرنگ کمیٹی کی صدارت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ سولر انرجی کے فروغ کے پروگرام کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانا ہے۔پہلے ہی بہت وقت ضائع ہوچکا، اب مزید تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں اور محکمہ توانائی کی استعدادکار بڑھانے کیلئے بھی تیز رفتاری سے اقدامات کئے جائیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت سورج سے توانائی کے حصول کے پروگرام پر عمل پیرا ہے۔اپنے وسائل سے لگائے گئے 100 میگاواٹ کے سولر پاور پلانٹ سے توانائی نیشنل گرڈ میں شامل ہو رہی ہے۔ ترکی کی معروف کمپنی ذورلو انرجی سے 100 میگاواٹ کے سولر پاور پلانٹ کا معاہدہ طے پا چکا ہے اور یہ ترک کمپنی قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں 100 میگاواٹ کا سولر پاور پلانٹ لگا رہی ہے اور ترک کمپنی یہ منصوبہ 6 ماہ میں مکمل کرے گی۔

انہو ںنے کہا کہ ترک کمپنی نے قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں مزید 200 میگاواٹ کا سولر پاور پلانٹ لگانے میںدلچسپی کا اظہار کیا ہے اور اس حوالے سے ترک کمپنی کے نمائندوں سے جلد بات چیت ہوگی۔چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز ہائر ایجوکیشن، سکولز ایجوکیشن، صحت، خزانہ، توانائی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :