شہید حیات محمد خان شیرپائو کا سیاسی فلسفہ اور قربانی پختونوں کی خوشحالی اور ترقی کیلئے ایک عظیم اثاثہ ہیں، سکندر حیات شیرپائو

اتوار 5 فروری 2017 17:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2017ء) سینئر صوبائی وزیر اورقومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپائونے کہا ہے کہ شہید حیات محمد خان شیرپائو کا سیاسی فلسفہ اور قربانی پختونوں کی خوشحالی اور ترقی کیلئے ایک عظیم اثاثہ ہیں اور قومی وطن پارٹی اس سرمایے کو بروئے کار لانے کیلئے بھرپور جدوجہد کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے شیرپائو ضلع چارسدہ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر11فروری کو سابق گورنرخیبر پختونخواحیات محمد خان شیرپائو شہید کی برسی کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ اس تقریب کو جوش و جذبے سے کامیاب کرایا جائے گا۔سکندر شیرپائو نے کہاکہ شہید قائد نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر ایک ایسی مثال قائم کی جو کہ ہر سیاسی کارکن کیلئے مشعل راہ ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ شہید حیات محمد خان شیرپائو نے اپنے سیاسی کیریئر کے ذریعے سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر غریب اور متوسط طبقے کو باشعور بنایا تاکہ وہ اس قابل ہو سکے کہ اپنے حقوق کیلئے مستعدی سے جدوجہد کرسکے۔

انھوں نے کہا کہ ان کا فلسفہ سیاست ریاستی وسائل کو عام لوگوں کے بہبود پر صرف کرنا اور قومی امور میں ان کیلئے موثر کردار ادا کرنا تھا۔انھوں نے کہا کہ شہید لیڈر کی سیاسی تعلیم ،جدوجہد اور قربانی ہماری لئے ایک عظیم اثاثہ ہے اور ہم اس کو آگے بڑھا کر اپنے لئے مشعل راہ بنائیں گے۔انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں فاٹا کا انضمام ایک دیرینہ مطالبہ ہے جس سے نہ صرف فاٹا کے عوام قومی دھارے میں بھرپور کردار ادا کرسکیں گے بلکہ اس سے ملک بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا ۔

انھوں نے کہا کہ فاٹا کے انضمام کیلئے قومی وطن پارٹی نے ایک فعال کردار ادا کیا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ اس سے قومی سطح پر پختونوں کی آواز اور جدوجہد کو مزید تقویت ملے گی۔انھوں نے کہا کہ پاک افغان تعلقات میں بد گمانیاں خطے کیلئے نقصان دہ ہیں لہٰذا دونوں ممالک کو چاہیے کہ وہ خطے کے عوام کی خوشحالی،امن اور استحکام کیلئے تمام تر اختلافات بھلا کر تعلقات میں بہتری کیلئے کوششیں کرے۔انھوں نے کہا کہ تاریخی ،ثقافتی اور مذہبی طور پر دونوں ممالک ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں لہٰذا اس موافقت کو مستقبل کی خوشحالی کیلئے بروئے کار لانا چاہیے۔اجتماع سے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم اور قومی وطن پارٹی ضلع چارسدہ کے چیئرمین ارشد خان عمرزئی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :