افغانستان ، شدید سردی اور برفانی تودوے گرنے سے بچوں اور خواتین سمیت 28 افراد ہلاک،متعدد زخمی

شدید برفباری کے باعث فریاب،جائوزجان ،سرائے پل ،بدخشان،غور،غزنی ،پنج شیر ،میدان واردک،بامیان ،دالکنڈی ،زابل اور بغلان میں سڑکیں بند ہوچکی ہیں،اے این ڈی ایم اے شدید برفباری اور خراب موسم اہم سڑکوں اور شاہرائوں کو کھولنے میں تاخیر کا باعث بن رہا ہے ،برف کا طوفان تھمتے ہی سڑکیں کھولنے کا کام شروع کردیا جائے گا،ترجمان وزارت پبلک ورکس سعید مہدی حسن روحانی

اتوار 5 فروری 2017 12:30

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 فروری2017ء) افغانستان کے وسطی اور شمال مشرقی صوبوں میں شدید سردی اور برفانی تودوں کے گرنے سے بچوں اور خواتین سمیت 28 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔افغان میڈیا کے مطابق وسطی اور شمال مشرقی صوبوں میں شدید سردی اور برفانی تودوں کے گرنے سے 28 سے زائدانسانی جانیں ضائع ہو گئی ہیںجبکہ سڑکیں بند ہوچکی ہیں۔

صوبہ بدخشاں کی حکومت کے ترجمان کے مطابق کئی لوگ برف کے نیچے دبے مکانوں میں پھنس کر رہ گئے ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہے۔ بدخشاں میں 3 دن سے جاری برفباری کے بعد سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ اس صوبے کے ایک علاقے میں برفانی تودوں کے گرنے سی18فراد مارے گئے ہیں۔ ان میں 3 خواتین اور2 بچے شامل ہیں۔ صوبے سرائے پل میں برفانی تودوں کی ذد میں آکر 5افراد جاں بحق ہوئے۔

(جاری ہے)

قدرتی آفات کے ادارے کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ملک بھرمیں شدید برفباری اور تودے گرنے کے باعث 40سے زائد افراد ہلاک اور 43زخمی ہوچکے ہیں۔اے این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ شدید برفباری کے باعث فریاب،جائوزجان ،سرائے پل ،بدخشان،غور،غزنی ،پنج شیر ،میدان واردک،بامیان ،دالکنڈی ،زابل اور بغلان میں سڑکیں بند ہوچکی ہیں۔پبلک ورکس کی وزارت کے ترجمان سعید مہدی حسن روحانی کاکہنا ہے کہ شدید برفباری اور خراب موسم اہم سڑکوں اور شاہرائوں کو کھولنے میں تاخیر کا باعث بن رہا ہے ۔برف کا طوفان تھمتے ہی سڑکیں کھولنے کا کام شروع کردیا جائے گا۔