بالی وڈ میں دوستی تک تو ٹھیک لیکن محبت ہونا اور بھی برا ہے‘کنگنا راناوت

فلم’’رنگون‘‘ میں کنگنا راناوت مس جولیا کا کردار ادا کر رہی ہیں‘ فلم 24 فروری کو ریلیز ہوگی

اتوار 5 فروری 2017 11:50

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2017ء) انڈیا کی دو نیشنل ایوارڈ جیتنے والی اداکارہ کنگنا راناوت نے فلم ’’کوئین‘‘ اور’’تنو ویڈز منو‘‘ سے بالی وڈ میں اپنی خاص جگہ بنائی ہے لیکن ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک بالی وڈ میں کام کرنے کے بعد بھی کنگنا کوئی دوست نہیں بناسکیں اور اسی وجہ سے وہ اپنے آپ کو کامیاب کہتی ہیں۔

اپنے ایک انٹرویو کے دوران کنگنا راناوت نے فلم انڈسٹری کی دوستی پر کہاکہ میں کامیاب ہوں کیونکہ یہاں میرا کوئی دوست نہیں ہے۔ اگر آپ کے دوست کامیاب ہو جاتے ہیں یا صرف آپ کامیاب ہو جاتے ہو تو رشتے الجھ جاتے ہیں۔ کام پر جب انسانی جذبات غالب آ جاتے ہیں تو تلخی آجاتی ہے اور آپ درست فیصلہ نہیں کر پاتے۔کنگنا نے کہا کہ دوستی تک تو ٹھیک ہے لیکن فلم انڈسٹری میں محبت ہو جانا اور بھی برا ہے۔

(جاری ہے)

اس لیے وہ کسی ڈائریکٹر، اداکار یا شریک آرٹسٹ کی دوست نہیں ہیں اور فلم انڈسٹری میں صرف کام کرتی ہے۔بالی وڈ میں اداکاراؤں کو اداکاروں کے مقابلے میں کم پیسے ملتے ہیں اور حالیہ دنوں اس کے متعلق بہت سی اداکاراؤں نے اپنی بات رکھی ہے۔ کنگنا کا کہنا ہے کہ انھوں نے باکس آفس پر اپنی اہمیت ثابت کی ہے لیکن ان کے مطابق اب بھی فلم انڈسٹری کے بہت سے لوگوں کی ذہنیت نہیں بدلی ہے۔

وہ کہتی ہیںکہ بہت سے لوگ خواتین کے اہم کردار والی فلم بنا کر پیسے کمانا چاہتے ہیں لیکن خواتین کو پیسے نہیں دیتے۔ ہماری جدوجہد جاری ہے۔ اگر کچھ نہیں ہوا تو ہم خود اپنے لیے فلمیں بنائیں گے۔حالیہ دنوں بالی وڈ سے ہالی وڈ جانے والے فنکاروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے لیکن کنگنا فی الحال بالی وڈ میں رہ کر اپنے ناظرین کے دل میں اپنے لیے مخصوص جگہ بنانے میں یقین رکھتی ہیں۔

ان کے مطابق انڈیا سے جانے والا کوئی بھی ہندوستانی آرٹسٹ ہالی وڈ میں مہمان ہی ہوگا اور کوئی ہندوستانی کردار ہی ادا کرے گا۔ انہیں فخر ہے کی پرینکا چوپڑہ، عرفان خان اور دیپکا پاڈوکون ملک کا نام روشن کر رہے ہیں لیکن یہ گمان کر لینا کہ ان کے وہاں جانے سے بہت کچھ بدل جائے گا تو یہ خام خیالی ہے۔وہ کہتی ہے کہ جو اداکار کامیاب ہو جاتے ہیں وہ دوسرے فنکاروں کو آگے آنے نہیں دیتے لیکن یہ چلن صرف فلم انڈسٹری تک ہی محدود نہیں ہے۔

90 کا دور فلم انڈسٹری کے لیے سب سے برا دور تھا جب انڈرورلڈ اور ڈان کا دبدبہ تھا لیکن اب بہترین دور ہے۔ فلم انڈسٹری ابھی عنفوان شباب میں ہے اور اسے اچھی فلموں سے مزید جوان کرنا ہے۔وشال بھاردواج کی عالمی جنگ -2 کے پس منظر پر مبنی فلم’’رنگون‘‘ میں کنگنا راناوت مس جولیا کا کردار ادا کر رہی ہیں جس کی تحریک 40 کی دہائی کی سٹنٹ ہیروئن سے ملی ہے۔ فلم میں کنگنا اداکار سیف علی خان اور شاہد کپور کے ساتھ رومانس کرتی نظر آئیں گی۔ فلم 24 فروری کو ریلیز ہوگی۔

متعلقہ عنوان :