پاکستان اور بیلا روس کو تعلیم ، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کے لئے طلباء اور اساتذہ پر مشتمل وفود کے تبادلوں میں تیزی لانی چاہیئے

چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کا بیلا روس کی سٹیٹ یونیورسٹی میں خطاب

ہفتہ 4 فروری 2017 23:50

اسلام آباد/منسک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 فروری2017ء) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے بیلا روس کی سٹیٹ یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بیلا روس کو تعلیم ، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کے لئے طلباء اور اساتذہ پر مشتمل وفود کے تبادلوں میں تیزی لانی چاہیئے۔ چیئرمین سینٹ نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے مابین ان شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے بھر پور فائدہ اٹھا یا جا سکے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینٹ نے اساتذہ اور طلباء کو بتایا کہ پاکستان کی 60فیصد آبادی 30سال کی عمر سے نیچے ہے اور نوجوان نسل ہی اپنے ملک کا مستقبل بنا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی قیادت اس بات سے بخوبی آگاہ ہے کہ ایک باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لئے وسیع گنجائش موجود ہے۔تاہم طویل المدت، موثر اور پائیدار روابط کے لئے نوجوان نسل کے مابین دیر پا تعاون کا فروغ لازمی ہے۔ چیئرمین سینٹ نے بیلا روس کے طلباء اور اساتذہ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔قبل ازیں چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے وکٹری میموریل پر حاضر ی بھی دی۔(وخ)