بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد اسلام آباد کا دورہ کریںگے ، پاک بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن میں شرکت کریں گے

ہفتہ 4 فروری 2017 23:38

بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد اسلام آباد کا دورہ کریںگے ، پاک ..

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2017ء) بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد بن محمد الخلیفہ اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اسلام آباد کا دورہ کریںگے اور پاک بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز اور بحرین کے وزیر خارجہ مشترکہ طور پر پہلے جائنٹ منسٹریل کمیشن (جے ایم سی) کی مشترکہ صدارت کریں گے ۔

اجلاس میں جائنٹ منسٹریل کمیشن سمیت ون ٹو ون ملاقاتیں ،وفود کی سطح پر بات چیت، دوطرفہ تعلقات پر علاقائی مسائل پر بھی ان کے دورے کے پروگرام میں شامل ہیں۔یہ گزشتہ دو ماہ کے دوران مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور شیخ خالد بن احمد بن محمد بن خلیفہ کی دوسری ملاقات ہے ۔بحرین کے وزیر خارجہ اپنے دورہ پاکستان کے دوران صدر مملکت اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے اس دوران سی پیک منصوبہ کے حوالہ سے پریذینٹیشن دی جائے گی۔

(جاری ہے)

جائنٹ منسٹریل کمیشن کے اختتام پر بہت سی مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوں گے۔جے ایم سی پاکستان اور بحرین کے درمیان مشترکہ کمیٹی کی اپ گریڈیشن ہے یہ کمیٹی 1983ء میں تشکیل دیدی گئی تھی۔ جائنٹ منسٹریل کمیشن (جے ایم سی) افتتاحی اجلاس کے موقع پر دونوں طرف سے اعلیٰ سطحی بات چیت بلخصوص کامرس ،سرمایہ کاری،توانائی، دفاع ،مین پاور، ایگری کلچر، اعلیٰ تعلیم اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔پاکستان اور بحرین کے درمیان قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں جو2014ء میں بحرین کے بادشاہ شیخ حماد بن عیسیٰ کے دورے پاکستان کے دوران اور جنوری 2015ء میں وزیراعظم محمد نواز شریف کا دورہ بحرین کے بعد مزید مستحکم ہوئے۔