بلوچستان کے عوام کی خدمت ہمارا فرض ہے، صوبے میں کینسر کے مریضوں کے لئے ہسپتال بنائیں گے تاکہ کینسر کے مریضوں کا کوئٹہ میں جدید خطوط پر علاج ممکن ہو سکے ، بابا سکندر جان زہری ٹرسٹ کے دائرہ کار کو پورے بلوچستان تک پھیلائیں گے، ایئر ایمبولینس کا انتظام بھی کیا جائے گاتاکہ کسی بھی حادثے یا واقعہ کی صورت میں مریضوں کا بروقت علاج ممکن ہو سکے،عبدالستار ایدھی ہمارے ہیرو ہیں،کوئٹہ کے ہاکی چوک کو عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب کر دیا

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کا بابا سکندر جان زہری ٹرسٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 4 فروری 2017 23:30

بلوچستان کے عوام کی خدمت ہمارا فرض ہے، صوبے میں کینسر کے مریضوں کے لئے ..
کوئٹہ۔04 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کی خدمت ہمارا فرض ہے۔صوبے میں کینسر کے مریضوں کے لئے ہسپتال بنائیں گے تاکہ کینسر کے مریضوں کا کوئٹہ میں جدید خطوط پر علاج ممکن ہو سکے۔بابا سکندر جان زہری ٹرسٹ کے دائرہ کار کو پورے بلوچستان تک پھیلائیں گے۔

ایئر ایمبولینس کا انتظام بھی کیا جائے گاتاکہ کسی بھی حادثے یا واقعہ کی صورت میں مریضوں کا بروقت علاج ممکن ہو سکے۔عبدالستار ایدھی ہمارے ہیرو ہیں۔کوئٹہ کے ہاکی چوک کو عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب کر دیا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ کو بابا سکندر جان زہری ٹرسٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر عبدالستار ایدھی کے فرزند فیصل ایدھی ، اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی ، میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ ، اراکین اسمبلی نصر اللہ زیرے ، طاہر محمد خان، وزیراعلیٰ کے مشیر علاؤ الدین کاکڑ ، نصیب اللہ بازئی ودیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کا کہنا تھا کہ فیصل ایدھی کو کوئٹہ آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔عبدالستار ایدھی نے جس طرح دکھی انسانیت کی بلاامتیاز خدمت کی۔ وہ ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ فیصل ایدھی خوش اسلوبی سے اپنے والد کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ ہماری دعائیں اور تعاون ان کے ساتھ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بابا سکندر جان زہری ٹرسٹ کو چلانے کے لئے فیصل ایدھی ہمارے ساتھ خصوصی تعاون کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بابا سکندرجان زہری ٹرسٹ کا دائرہ صرف ایمبولینس تک محدو دنہیں رہے گا بلکہ اسے نادار بچوں کو وظائف ٹیکنیکل اداروں کا قیام اور ایئر ایمبولینس کے ذریعے پورے صوبے تک وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ملک کے پینتالیس فیصد رقبے پر محیط ہے ۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں کینسر ہسپتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب صوبے کے کینسر کے مریض باہر جانے کی بجائے کوئٹہ میں ان کا علاج ممکن ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ٹراما سینٹر کی کامیابی کے بعد تما م اضلاع تک اس کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا تاکہ مریضوں اور زخمیوں کو بروقت طبی امداد ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل ایدھی کا تعاون ہمیں حاصل ہو گا۔ تقریب سے فیصل ایدھی، اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی ، رکن صوبائی اسمبلی نصر اللہ زیرے، طاہر محمد خان، ڈپٹی میئر کوئٹہ یونس بلوچ اور دیگر نے خطاب کیا۔