وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا یوم یکجہتی کشمیر 5فروری کے موقع پر پیغام

کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

ہفتہ 4 فروری 2017 23:23

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا یوم یکجہتی کشمیر 5فروری کے موقع پر پیغام
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے نہتے کشمیری عوام پر ظلم و تشدد کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیں اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل در آمد یقینی بنایا جائے۔

یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی اور کشمیری عوام مذہبی، ثفافتی، تاریخی اور نظریاتی طور پر ایک مضبوط زنجیر میں بندھے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے دونوں خطوں کے عوام کے مابین ہمدردی اور بھائی چارہ کا ایک ناقابل شکن رشتہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیریوں کی جانب سے آزادی کی پر امن تحریک انسانی حقوق کے حصول کی ایک لازوال جدوجہد ہے جسے کسی صورت میں دبایا نہیں جا سکتا ہے۔

انہوں نے عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی آزادی کی اس تحریک کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کر یں اور بین الاقوامی کمیونٹی کو آزادی کی تحریک اور دہشتگردی کے درمیان فرق کو سمجھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت بین الاقوامی قانون کی ایک کڑی ہے لیکن مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اس بنیادی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے جو انسانی حقوق کی پامالی کی بد ترین مثال ہے ۔

جبکہ اقوام متحدہ میں کشمیری عوام کو جائز حق دینے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔ مگر افسوس کہ مظلوم کشمیری عوام کی خواہشات کی تکمیل نہیں کی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کو ہر سطح پر سپورٹ جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :