خواتین کو اعتماد فراہم کرنے کے لئے ان کا تحفظ ناگزیر ہے، پاکستان میں ترقی کے مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے نوجوان خود کو تیار کریں۔ صدر مملکت ممنون حسین

ہفتہ 4 فروری 2017 23:00

خواتین کو اعتماد فراہم کرنے کے لئے ان کا تحفظ ناگزیر ہے، پاکستان میں ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ خواتین کو اعتماد فراہم کرنے کے لئے ان کا تحفظ ناگزیر ہے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کے روز محتسب برائے تحفظ خواتین سندھ پیر علی شاہ سے اسٹیٹ گیسٹ ہائوس میں بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ قومی ترقی کے لئے خواتین کی ورک فورس میں شمولیت ضروری ہے، یہ کام اسی صورت میں ممکن ہو گا جب خواتین کو کام کے مقامات پر تحفظ اور اعتماد حاصل ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے تحفظ کے لئے قانون پر عمل درآمد کے دوران احتیاط ضروری ہے تاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔ بعد ازاں صدر مملکت ممنون حسین سے جناح وومن یونیورسٹی کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں ترقی کے لئے دنیا کے اچھے تعلیمی اداروں سے روابط ضروری ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کے مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے نوجوان خود کو تیار کریں تاکہ گوادر پورٹ اور اقتصادی راہداری سے بھرپور استعفادہ کیا جا سکے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ملک سے بدعنوانی میں کمی باعث مسرت ہے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے چانسلر وجیہ الدین، وائس چانسلر ڈاکٹر فاروقی، سوشل سائنسز کے ڈین پروفیسر انعام باری اور دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔