حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیری عوام نے اپنے لہو سے نئی تاریخ رقم کی ہے،آج پوری پاکستانی قوم کشمیری بہن بھائیوں کے شبانہ بشانہ کھڑی ہے، حق خودارادیت کیلئے دلیرانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی افواج کے مظالم بند کرانے کیلئے اپناموثر کردار ادا کریں،بھارت کا غاصبانہ قبضہ کے ذریعے کشمیری عوام کو ان کے حق خودارادیت سے محروم رکھنا انتہائی قابل مذمت ہے، کشمیر تقسیم ہند کا نا مکمل ایجنڈا ہے،خطے میں پائیدار امن کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوںکی روشنی میں حل ناگزیر ہے، کشمیر کے عوام اپنی بقاکی جنگ لڑ رہے ہیں ،پاکستان اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیغام

ہفتہ 4 فروری 2017 20:42

حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیری عوام نے اپنے لہو سے نئی تاریخ رقم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 فروری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اپنی آزادی اور بقاکی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیری عوام نے اپنے لہو سے نئی تاریخ رقم کی ہے۔پاکستانی حکومت اور عوام نے ہمیشہ مقبوضہ کشمیر میںریاستی جبروتشدد اور انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی ہے۔

کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے انکار دراصل اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی رویوں میں خامیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر تقسیم ہند کا نا مکمل ایجنڈا ہے ۔ کشمیری عالمی برادری سے یہ سوال پوچھنے کے لئے حق بجانب ہیں کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق انہیں بنیادی حق سے کیوں محروم رکھا جا رہاہے۔

(جاری ہے)

جنوبی ایشیا کے قومی اور انسانی وسائل سے بھرپور استفادے کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔ بھارت کا غاصبانہ قبضہ کے ذریعے کشمیری عوام کو ان کے حق خودارادیت سے محروم رکھنا انتہائی قابل مذمت ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لئے تنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوںکی روشنی میں حل ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ آج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شبانہ بشانہ کھڑی ہے۔

حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیری عوام کی دلیرانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھارتی افواج کے بدترین مظالم بند کرانے کیلئے اپناموثر کردار ادا کرنا چاہیے۔عالمی ضمیر کو مسئلہ کشمیر پر بیدار ہونا پڑے گا۔نہتے کشمیری عوام کو زیادہ دیر تک ان کے بنیادی حق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں ہر ملکی اور بین الاقوامی فورم پر کشمیر کاز کو موثر انداز میں اجاگر کیا ہے۔ خطے میں پیائیدار امن اور عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا ہوگا ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کے دن اپنے کشمیری بھائیوں کو باورکرانا ہے کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں ۔پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔