2018 میں جماعت اسلامی صوبہ میں ایک مؤ ثر پارلیمانی قوت بن کر ابھریگی، جماعت میںبا صلاحیت افراد موجود ہیںجس کا اقرار سپریم کورٹ نے بھی کیاہے،ہم ہی قوم کو مہنگائی ، کرپشن اور بد امنی کے گرداب سے نکال سکتے ہیں

امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان کا اجلاس میں خطاب

ہفتہ 4 فروری 2017 19:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 فروری2017ء) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے شعبہ تعلقات عامہ کے ایگزیکٹو ممبرز اور ضلعی صدور کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان ، المرکز الاسلامی پشاور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی نائب امرا ء ڈاکٹر اقبال خلیل ، نورالحق ، جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے شعبہ تعلقات عامہ کے صوبائی صدرا ور سابق ممبر قومی اسمبلی بختیار معانی ، سیکریٹری شعبہ تعلقات عامہ اور سابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان بھی شریک ہوئے ۔

اجلاس میں صوبہ کی با اثر شخصیات کو جماعت اسلامی میں شا مل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر مشتاق احمد خان نے کہا کہ انشا ء اللہ 2018 ؁ء میں جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک مؤ ثر پارلیمانی قوت بن کر ابھرے گی، کیونکہ جماعت اسلامی میں ہی با صلاحیت اور صالحیت کی حامل ٹیم اور افراد کار موجود ہیں جس کا اقرار سپریم کورٹ کے جسٹس صاحب نے بھی کیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ قوم کو مہنگائی ، کرپشن اور بد امنی کے گرداب میں سے نکال سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے تین ماہ کے دوران پچاس(50) شمولیتی جلسوںکا پروگرام بنا یا ہے جس میں معاشرے کے با اثر افراد جماعت اسلامی میں شامل ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں 6 فروری کو پشاور میں مسلم لیگ (ق) کے صوبائی صدر انتخاب خان چمکنی اپنی کابینہ سمیت جماعت اسلامی میں شامل ہو رہے ہیں، 13 فروری کو دیر پا ئین کے سابق ایم پی ای(ex-MPA)ڈاکٹر ذاکر اللہ جماعت اسلامی میں شامل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان دونوں شمولیتی جلسوں میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق خصوصی طور پر شریک ہوں گے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ 31 مارچ تک اضلاع کی سطح پر مشاورتی کونسلز بنائی جائیں گی جن میں مختلف شعبہ ہائِ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد افراد شامل کئے جائیں گے۔ اور مئی میں صوبائی سطح پر اضلاع کی مشاورتی کونسلز کا پشاور میں ایک عظیم الشان کنونشن منعقد کیا جائے گا جس سے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق خصوصی طور پر خطاب کریں گے۔