پٹھان کوٹ حملے میں حافظ سعید کے ملوث ہونے سے متعلق بھارت کے ثبوت ہماری عدالتوں میں سماعت کے قابل نہیں ، عالمی ادارے معیشت اور سیکیورٹی سمیت ہرشعبے میں پاکستان کی ترقی کا اعتراف کررہے ہیں

وزیراعظم کے معاو ن خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی کا انٹرویو

ہفتہ 4 فروری 2017 18:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2017ء) وزیراعظم کے معاو ن خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے کہاہے کہ پٹھان کوٹ حملے میں حافظ سعید کے ملوث ہونے سے متعلق بھارت کی طرف سے فراہم کئے گئے ثبوت ہماری عدالتوں میں سماعت کے قابل نہیں ۔ عالمی ادارے معیشت اور سیکیورٹی سمیت ہرشعبے میں پاکستان کی ترقی کااعتراف کررہے ہیں۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے دوٹوک الفاظ میں یہ تاثر مسترد کردیاکہ پاکستان نے جماعت الدعوة کے سربراہ پرپابندیاں بیرونی دبائو پر لگائی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک خودمختارملک ہے اور اپنی ترجیحات کے مطابق فیصلے کرنے میں آزاد ہے۔پٹھان کون میں دہشتگردی کے حملوں میں حافظ سعید کے ملوث ہونے کے بھارتی الزامات کے بارے میں انہوں نے کہاکہ پاکستان خودمختار ریاست ہے اور اس کی عدالتیں آزادانہ کام کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

طارق فاطمی نے کہاکہ پاکستان پٹھان کوٹ واقعے میں ملوث نہیں ہے ہم نے بھارت سے کہاہے کہ وہ پٹھان کوٹ حملے میں حافظ سعید کے ملوث ہونے کاٹھوس ثبوت فراہم کرے مگر بھارت کی طرف سے فراہم کئے گئے ثبوت ہماری عدالتوں میں سماعت کے قابل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے قومی لائحہ عمل اور آپریشن ضرب عضب پر قومی اداروں اور سیاسی قیادت کے درمیان اتفاق رائے اور ہم آہنگی کے حصول کیلئے انتھک کام کیا ہے۔ طارق فاطمی نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردی پرقابو پالیا گیاہے اور عالمی برادری پاکستان کی کوششوں کااعتراف کررہی ہے۔