’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ پاکستان کی کشمیریوں سے محبت کا ثبوت ہے، سید علی گیلانی

یوم یکجہتی کے پروگراموںمیں نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو اجاگر کیا جائے،حریت رہنما کشمیری عوام گزشتہ ستر برس سے اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے لیے مصروف جدوجہد ہیں اور لازوال قربانیاں دے رہے ہیں، میر واعظ عمر فاروق پاکستان کی طرف سے کشمیریوں کی حمایت غیر مشروط ہے اور کشمیری شہداء کا خون ایک روز ضرور رنگ لائے گا اور کشمیری عوام آزادی سے ہمکنار ہونگے، یاسین ملک کشمیریوں نے 1947 سے اب تک پانچ لاکھوں جانوں کی قربانی دی ہے اور بھارت کے تمام تر مظالم کے باوجود انکے حوصلے بلند ہیں، چوہدری شبیر اور دیگر رہنمائوں کا یوم یکجہتی کشمیر منانے پر پاکستان سے اظہار تشکر

ہفتہ 4 فروری 2017 18:14

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 فروری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے یوم یکجہتی کشمیر بھر پور انداز سے منانے پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سید علی گیلانی نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہا کہ پاکستان گزشتہ ستر برس سے کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی محاذ پر مد د و اعانت جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کا ایک فریق ہے لہذا اس حیثیت سے وہ کشمیریوں کی مدد و حمایت کا حق رکھتا ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ یوم یکجہتی کے حوالے سے منعقد کی جانے والی تقاریب میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم خاص طور پر گزشتہ برس آٹھ جولائی کو برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد سے محکموم کشمیریوں کیخلاف روا رکھے جانے والے جبر وا ستبداد کو اجاگر کیا جائے۔

(جاری ہے)

حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ ستر برس سے اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے لیے مصروف جدوجہد ہیں اور لازوال قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز نے گزشتہ چند ماہ کے دوران مقبوضہ کشمیر میںمظالم کی انتہا کر دی ہے اور سو سے زائد کشمیریوں کو شہید، ہزاروں کو زخمی جبکہ حریت رہنمائوں اور کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو جیلوں ، تھانوں اور تفتیشی مراکز میں پہنچا یا۔

میرواعظ نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا ایک بے باک وکیل ہے اور وہ برسوں سے کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی مدد کر رہا جس پر کشمیری اسکے نہایت مشکور ہیں۔ میر واعظ نے امید ظاہر کی کہ پاکستان مقصد کے حصول تک کشمیریوں کی مدد و اعانت بھر پور طریقے سے جاری رکھے گا ۔ انہوںنے کہا کہ یوم یکجتی کشمیرکا انعقاد پاکستان کی کشمیریوں کے ساتھ محبت کا واضح ثبوت ہے۔

جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری بیان میں یوم یکجہتی منانے پر حکومت پاکستان، عوام ، طلباء اور سول سوسائٹی وغیرہ کا بھر پور شکریہ ادا کیا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کی طرف سے کشمیریوں کی حمایت غیر مشروط ہے اور کشمیری شہداء کا خون ایک روز ضرور رنگ لائے گا اور کشمیری عوام آزادی سے ہمکنار ہونگے۔ جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے ایک بیان میں یوم یکجہتی منانے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کا بھر پور یقین ہے کہ پاکستان مقصد کے حصول تک کشمیریوں کی مدد وحمایت بھرپور انداز سے جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کشمیر کے حوالے سے اپنی سیاسی اور سفارتی کوششوں میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے ۔ شبیر احمد شاہ نے کہا کہ کشمیریوں نے 1947 سے اب تک پانچ لاکھوں جانوں کی قربانی دی ہے اور بھارت کے تمام تر مظالم کے باوجود انکے حوصلے بلند ہیں اور وہ تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔ حریت رہنمائوں نعیم احمد خان، محمد یوسف نقاش، ظفر اکبر بٹ، شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر، امیاز احمد ریشی اور دیگر رہنمائوں نے بھی اپنے بیانات میں یوم یکجہتی کشمیر بھر پور طریقے سے منانے پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔