پاکستان انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں نمایاں ترقی کے باعث عالمی برادری کیلئے ایک مثال بن گیا ہے،انوشہ رحمن

وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی چیئرمین ٹیلی نار بورڈ مس گن ورسٹڈ کی سربراہی میں وفد سے گفتگو

جمعہ 3 فروری 2017 23:04

پاکستان انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں نمایاں ترقی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2017ء) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام انوشہ رحمن نے کہا ہے کہ پاکستان انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ( آئی سی ٹی )کے شعبہ میں نمایاں ترقی کے باعث بین الاقوامی برادری کے لئے ایک مثال بن گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرپرسن ٹیلی نار بورڈ مس گن ورسٹڈ کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی رضوان بشیر خان ، ممبر ٹیلی کام مدثر حسین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹیلی نار عرفان وہاب خان بھی موجود تھے۔ انوشہ رحمن نے مس گن ورسٹڈ کو چیئرپرسن بورڈ آف ٹیلی نار تعینات ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے وفد کو پاکستان میں انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ہونے والی بہتری اور ترقی سے متعلق بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ شعبہ پاکستان میں دن بدن ترقی اور بہتری کے راستے پر گامزن ہے اور یہ وقت کی ضرورت ہے کہ نجی اور سرکاری شعبہ مل کر انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن کے شعبہ میں کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ ٹیکنالوجی کی ترقی سے شہریوں کی معاشی اور سماجی ترقی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جامع اور واضح ٹیلی کام پالیسی دی ہے جس سے بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کیا جا سکے اور اس شعبے کو جدید ترین تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ ساتھ درپیش مسائل میں بھی کمی لائی جا سکے گی۔

انہوں نے ٹیلی نار کی طرف سے ای ایگریکلچر اور مختلف مصنوعات کے لئے ای سروس متعارف کرانے کے اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث ملکی معیشت ایک دفعہ پھر بحالی کے راستے پر گامزن ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نہ صرف معاشی استحکام حاصل کیا ہے بلکہ دہشتگردی جیسی لعنت پر بھی قابو پایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالیاتی اور ڈیجیٹل استحکام ہماری حکومت کی ترجیحات ہیں۔ اس موقع پر چیئرپرسن ٹیلی نار بورڈ مس گن ورسٹڈ نے ٹیلی کام شعبہ کیلئے وزارت کی طرف سے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیلی نار پاکستان میں پائیدار سرمایہ کاری جاری رکھے گا۔ انہوں نے ٹیکنالوجی کے ذریعے معاشرے کی بہتری کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :