وزیراعلیٰ کی زیر صدارت تین گھنٹے طویل اجلاس ، فروغ تعلیم کیلئے اصلاحاتی پروگرام پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

مردم شماری کے کاموں کیلئے اساتذہ کی خدمات لینے پر پابندی ہو گی،اس مقصد کیلئے دیگر محکموں سے ہیومن ریسور س حاصل کیا جائے جنوبی پنجاب سمیت 16 اضلاع میں چھٹی سے دسویں جماعت کی طالبات کیلئے ماہانہ وظیفہ 200 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کر دیا گیا ہے خادم پنجاب سکولز پروگرام کے تحت مجموعی طور پر سکولوں میں 36000 نئے کمرے تعمیر کئے جائینگے‘وزیراعلیٰ پنجا ب محمد شہباز شریف

جمعہ 3 فروری 2017 23:04

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت تین گھنٹے طویل اجلاس ، فروغ تعلیم کیلئے اصلاحاتی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت تین گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہواجس میں فروغ تعلیم کیلئے اصلاحاتی پروگرام پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا-وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سمیت 16 اضلاع میں چھٹی جماعت سے دسویں جماعت کی طالبات کیلئے ماہانہ وظیفہ 200 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کر دیا گیا ہے اور اس اقدام سے سکولوں میں طالبات کی انرولمنٹ کی شرح میں اضافہ ہو گا - انہوںنے کہا کہ مردم شماری کے کاموں کیلئے اساتذہ کی خدمات لینے پر پابندی ہو گی-اس حوالے سے دیگر محکموں سے ہیومن ریسور س حاصل کیا جائی- انہوںنے کہا کہ خادم پنجاب سکولز پروگرام کے تحت مجموعی طور پر سکولوں میں 36000 نئے کمرے تعمیر کئے جائیں گے -جن سکولوں میں نئے کمرے بنائے جائیں گے وہاں تمام تعلیمی سہولتوں کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی- نئے کمروں کی تعمیر سے سکولوں میں بچوں اور بچیوں کی انرولمنٹ کی شرح میں اضافہ ہو گا-انہوںنے کہا کہ اپریل 2017ء میں نئی انرولمنٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے اورسکولوں میں انرولمنٹ کے ہدف کو پورا کرنے کے لئے محنت کے ساتھ کام کیا جائی-ایک برس کے دوران سکولوں میں تین لاکھ 80 ہزار نئے بچے داخل ہو ئے ہیں اورڈراپ آؤٹ کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی ہے -وزیر اعلی نے کہا کہ انرولمنٹ کی شرح میں اضافے کے ساتھ ڈراپ آؤٹ کی شرح میں نمایا ںکمی کیلئے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں -انہوںنے کہا کہ انتہائی کم کارکردگی دکھانے والے سکولوں کو آؤٹ سورس کرنے سے ان سکولوں میں تعلیم کا معیار بلند ہوا ہے اوراس ماڈل کو مزید آگے بڑھانا ہو گا - انہوںنے کہا کہ بچوں اور بچیوںکو معیاری تعلیم دینا ہمارا مشن ہے اورمعیاری تعلیم کیلئے اساتذہ کی تربیت انتہائی ضروری ہے -اساتذہ کی تربیت کیلئے دنیا کے بہترین ماڈل کا جائزہ لیکر آئندہ چند روز میں حتمی پلان پیش کیا جائے اوراس ضمن میں قائم کردہ کمیٹی مشاورت کے ساتھ فیصلے کر کے حتمی لائحہ عمل مرتب کرے - انہوںنے کہا کہ اساتذہ کی تربیت کا براہ راست تعلق بچوں اور بچیوں کو معیاری تعلیم دینے سے ہے - انہوں نے کہا کہ اساتدہ پاکستان کے روشن مستقبل کے معمار ہیں اورانہیں عزت اور وقار دیں گے - سکولوں میں 80 ہزار نئے اساتذہ کی بھرتی کا عمل شفاف طریقے سے مکمل کر لیا گیا ہے -انہوںنے کہا کہ سکولوں کی خستہ حال عمارتوں کی تعمیر و مرمت کیلئے 8 ارب روپے صرف کئے جا رہے ہیں -وزیر اعلی نے سکولوں میں نئے داخلوں کی شرح میں اضافے اور ڈراپ آؤٹ کی شرح میں کمی پر صوبائی وزیر رانا مشہود احمد ، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن اور پوری ٹیم کو مبارکباد دی-صوبائی وزراء رانا مشہود احمد، سید رضا علی گیلانی، مشیر ڈاکٹر عمر سیف، چیف سیکرٹری ، چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ، چیئرمین ہائر ایجوکیش پنجاب، ماہرین تعلیم، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریزاور اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے ٹیم کے اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :