ماری پور ٹرک سٹینڈ میں تمام تجاوزات کا خاتمہ کردیا جائیگا تاکہ ہیوی ٹرکس ،ٹرالرز کو سامان لانے ،لیجانے میں سہولت ہو، ڈاکٹر بدر جمیل میونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ کراچی

جمعہ 3 فروری 2017 22:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2017ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میونسپل کمشنر ڈاکٹر بدر جمیل نے کہا ہے کہ ماری پور ٹرک اسٹینڈ میں تمام تجاوزات کا خاتمہ کرکے زیادہ سے زیادہ علاقے کو کشادہ کردیا جائے گا تاکہ ہیوی ٹرکس اور ٹرالرز کو سامان لانے اور لے جانے میں سہولت ہو، یہ بات انہوں نے سندھ گڈز ٹرانسپورٹ کے وفد کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر مشیر مالیات خالد محمود شیخ، سینئر ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ مختار احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر عبداللہ ، سندھ گڈز ٹرانسپورٹ کے صدر ملک شبر خان اور دیگر ممبران سلطان نیازی، اعظم بٹ، غلام رسول، بشیر سدو موجود تھے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ 32 کروڑ روپے کے فنڈز سے ماری پور ٹرک اسٹینڈ میں اندرونی و بیرونی سڑکیں تعمیر کی جارہی ہیں جبکہ لوڈنگ اور ان لوڈنگ کرنے کے لئے ریمپ بھی بنائے جا رہے ہیں اس کے علاوہ دیگر سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں یہ منصوبہ مکمل ہوتے ہی بلدیہ عظمیٰ کراچی ماری پور ٹرک اسٹینڈ میں قائم تمام غیرقانونی تعمیر کردہ دکانیں اور گوداموں کو مسمار کردے گی جبکہ اس سے قبل انسدادتجاوات کی مہم کے دوران 150 سے زائد دکانوں اورگوداموں کو مسمار کیا جا چکا ہے انہوں نے کہا کہ ایک کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے جس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ لینڈ، انسداد تجاوزات اور چارجڈ پارکنگ کے افسران کے علاوہ ٹرک اسٹینڈ میں رجسٹرڈ تمام تنظیموں کو شامل کرکے زمینی حقائق معلوم کرنے کی غرض سے جلد ہی سروے کیا جائے گا اور باہمی مشاورت سے ٹرک اسٹینڈ میں داخلہ فیس کا تعین کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ ٹرک اسٹینڈ میں تمام غیرقانونی تعمیر کردہ دکانوں اور گوداموں کی لیز منسوخ کردی جائے گی جبکہ قانونی تقاضوں کے مطابق دکانوں اور گوداموں کو الاٹمنٹ آرڈر جاری کئے جائیں لہٰذا تمام رجسٹرڈ ایسوسی ایشن جلد از جلد اپنے تمام ٹرکس اینڈ ٹرالرز کی فہرست محکمہ چارجڈ پارکنگ کو فراہم کردیں انہوں نے کہا کہ تین اقسام کے ٹرکس اینڈ ٹرالرز ماری پور ٹرک اسٹینڈ میں پارک کئے جاتے ہیں جن میں لوکل ، اندرون سندھ اور آل پاکستان ہیوی ویلز شامل ہیں ان کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے داخلہ فیس کا تعین کیا جائے گا، حکومت سندھ کی جانب سے ماری پور ٹرک اسٹینڈ کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے تعمیراتی کام جاری ہے اور توقع ہے کہ رواں مالی سال کے دوران اس کو مکمل کرلیا جائے گا، رواں مالی سال کے چار ماہ کے لئے دو کروڑ روپے سے زائد کی آمدنی متوقع ہے جبکہ آئندہ مالی سال کے لئے نیلامی کے ذریعے کثیر رقم بلدیہ عظمیٰ کراچی چارجڈ پارکنگ کی مد میں حاصل کرے گی، سندھ گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر ملک شبر خان نے میونسپل کمشنر کو یقین دہانی کرائی کہ تمام تجاوزات کے خاتمے کے لئے ہماری جانب سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا اور چارجڈ پارکنگ فیس کو باہمی مشاورت سے طے کرلیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :