علاقائی سطح پر قائم ڈسپنسریز کو بہتر بنا دیا جائے تو بڑے اسپتالوں پر دبائو کم کیا جاسکتا ہے، میئرکراچی

صحت ایک بنیادی ضرورت ہے ، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتالوں اور طبی اداروں کی حالت بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کردی ہے ، وسیم اختر

جمعہ 3 فروری 2017 21:56

علاقائی سطح پر قائم ڈسپنسریز کو بہتر بنا دیا جائے تو بڑے اسپتالوں پر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ علاقائی سطح پر قائم ڈسپنسریز کو بہتر بنا دیا جائے تو بڑے اسپتالوں پر دبائو کم کیا جاسکتا ہے ، صحت ایک بنیادی ضرورت ہے ، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتالوں اور طبی اداروں کی حالت بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کردی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز انڈس اسپتال کورنگی کے دورے کے موقع پر کیا جہاں ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ، ڈی ایم سی کورنگی کے چیئرمین سید نیئر رضا، مشیر مالیات خالد محمود شیخ، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم اور سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر محمد علی عباسی سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ، میئر کراچی وسیم اختر اور ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے انڈس اسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں موجود اسٹاف سے مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کے متعلق معلومات حاصل کیں۔

(جاری ہے)

بعدازاں میئر کراچی وسیم اختر نے انڈس اسپتال کی انتظامیہ سے کہا کہ آپ ہمیں ایسی تجاویز دیں جن پر عملدرآمد سے کے ایم سی کے 13 بڑے اسپتالوں میں بہتری لائی جاسکے اور ہمیں یہ بتائیں کہ آپ اس سلسلے میں ہمیں کیا تعاون فراہم کرسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ انڈس اسپتال اگر کے ایم سی کے کسی اسپتال کو بہتر انداز میں چلانا چاہے تو ہم اس کے لئے تیار ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کے تحت نچلی سطح پر چھوٹی ڈسپنسریاں کورنگی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کام کر رہی ہیں لہٰذا پہلے ان کی بہتری پر کام شروع کیا جانا چاہئے جس کے لئے ہم انڈس اسپتال سمیت دیگر ممتاز طبی اداروں سے مشاورت کو ترجیح دیں گے تاکہ لوگوں کو ان کے گھروں کے قریب ہی بہتر طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں، انہوں نے کہا کہ اگر ان چھوٹے شفاخانوں کو بہتر بنادیا جائے تو 50 فیصد مریض بڑے اسپتالوں کا رخ کرنے کے بجائے علاقائی سطح پر ہی علاج معالجے کی سہولیات حاصل کرلیں گے انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کو علاج معالجے کی ہرممکن بہتر سہولیات مہیا کرنے کے لئے کوشاں ہے اور اس کے لئے تمام ضروری اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں جبکہ صحت کے شعبے سے وابستہ اداروں سے مشاورت بھی جاری ہے جس کے مستقبل میں مثبت نتائج سامنے آنے کی امید ہے اور کراچی کے شہریوں کو بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی۔

قبل ازیں انڈس اسپتال پہنچنے پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبدالباری نے میئر کراچی کا استقبال کیا اور انڈس اسپتال نیٹ ورک کے تحت ملک بھر میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ پورے ملک میں انڈس اسپتال کی 8 برانچز کام کر رہی ہیں جن کے اخراجات 3.86 بلین ہیں جبکہ کورنگی اسپتال کا یومیہ خرچ ڈیڑھ کروڑ روپے ہے ، روزانہ 200 افراد کی او پی ڈی یہاں کی جاتی ہے جبکہ 800 افراد ایمرجنسی شعبے میں آتے ہیں اور یہ تمام سہولیات مفت فراہم کی جاتی ہیں انہوں نے بتایا کہ انڈس اسپتال کا آغاز 10 کروڑ روپے کی رقم سے کیا گیا تھا جبکہ آج اربوں روپے کے اخراجات کے ذریعے مریضوں کی خدمت کی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :