پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ، اسلام آباد کے لیے یہ اعزاز ہے کہ سری لنکا میں چمپیئن شپ میں پاکستان کی سوکر فٹسال ٹیم نے کانسی کا تمغہ حاصل کر کے ملک اور قوم کا نام روشن کیا ہے ، اس ٹیلنٹ کو مزید نکھارنے کے لیے میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) نہ صرف بھر پور وسائل مہیا کرے گی

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کا چوتھی جنوبی ایشیائی فٹسال چمپیئن شپ میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم کے اعزاز میں تقریب سے خطاب

جمعہ 3 فروری 2017 21:33

پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ، اسلام آباد کے لیے یہ اعزاز ہے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 فروری2017ء) میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اسلام آباد کے لیے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ سری لنکا میں ہونے والی فٹ سال چمپیئن شپ میں پاکستان کی سوکر فٹسال ٹیم(Pakistan Soccer Futsaal Team) نے کانسی کا تمغہ حاصل کر کے ملک اور قوم کا نام روشن کیا ہے ۔

تاہم اس ٹیلنٹ کو مزید نکھارنے کے لیے میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) نہ صرف بھر پور وسائل مہیا کرے گی بلکہ ہونہار کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے متعدد اقدامات بھی کرے گی جس میں گرائونڈز کی فراہمی اور کھلاڑیوں کو دیگر سہولیات کی فراہمی شامل ہے تاکہ نوجوان کھلاڑی پوری طرح تربیت حاصل کر کے عالمی سطح کے مقابلوں میں پاکستان کا قومی پرچم سر بلند کر سکیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے پاکستان سوکرفٹسال فیڈریشن کے زیرِ انتظام چوتھی جنوبی ایشیائی فٹسال چمپیئن شپ میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم کے اعزاز میں تقریب کے موقع پر کیا۔ یہ چمپیئن شپ 3 سے 5 دسمبر2016 ؁ء سری لنکا میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان سمیت جنوبی ایشیاء کی چھ ٹیموں نے حصہ لیا ۔

پاکستان نے اس چمپیئن شپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی ۔پاکستان کی ٹیم نے اس چمپیئن شپ میں دوسری مرتبہ حصہ لیا تھا۔ اس ٹورنامنٹ کی خاص بات یہ تھی کہ پاکستان کی ٹیم نے انڈیا کی تجربہ کار ٹیم کو چمپیئن شپ کے ایک لیگ میچ میں 09-0 سے شکست دی۔کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں پاکستانی نوجوانوں نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور ان نوجوان کھلاڑیوں کو جدید سہولیات اور مطلوبہ تربیت اور مہارت دی جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ یہی کھلاڑی ہر کھیل میں کامیابیاں سمیٹ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد شہر سے 9 کھلاڑیوں کا انتخاب اس امر کا غماز ہے کہ اسلام آباد میں بھی بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اس لیے ایم سی آئی ان نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنے دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اسلام آباد میں گرائونڈز کی تعمیر اور کھیلوں کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔ اس موقع پر میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے سر ی لنکا میں پوزیشن حاصل کرنے والے ان نوجوان کھلاڑیوں میں شیلڈ تقسیم کیں۔ تقریب میں سی ڈی اے کے ممبر فنانس ڈاکٹر فہد عزیز، ممبر اسٹیٹ خوشحال خان اور ڈی جی ایڈمن آصف جاوید شاہجہاں کے علاوہ دیگر ٹیم مینجر اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔