نواز لیگ نے عوام کو مایوسی ،غربت،مہنگائی اور بے روزگاری کے’’تحفوں‘‘کے علاوہ کچھ نہیں دیا ‘شعیب صدیقی

پی ٹی آئی کے عوامی جلسوں کی نقل کرنے والوں کو پذیرائی نہیں مل سکی ‘پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی کا کارکنوں سے خطاب

جمعہ 3 فروری 2017 21:18

نواز لیگ نے عوام کو مایوسی ،غربت،مہنگائی اور بے روزگاری کے’’تحفوں‘‘کے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ نواز لیگ کی ناکام حکومت نے عوام کو مایوسی ،غربت ،مہنگائی اور بے روزگاری کی" تحفوں" کے علاوہ کچھ نہیں دیا، 4برس صرف وعدوں اور نعروں میں گزار دیے جبکہ لوڈ شیڈنگ سمیت توانائی کے بحران اور دیگر قومی چیلنجوں کیلئے اخبارات میں اشتہارات دینے کو ہی مسائل کا حل سمجھا گیا ۔

شعیب صدیقی نے این ای122اور پی پی147کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے عوامی جلسوں کی نقل کرنے والوں کو پذیرائی نہیں مل سکی سرکاری عمارتوں میں پٹواریوں کے اجتماع عمران خان کی عوامی مقبولیت کا مقابلہ نہیں کر سکتے ۔انہوں نے کہا کہ اس علاقے سے گذشتہ15برسوں سے قومی اسمبلی میں نمائندگی کرنے والے ایاز صادق کو عوام کو جواب دینا چاہیے کہ انہوں نے کیوں یہاں کے لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا اور خود ان کی اپنی یونین کونسل پینے کے صاف پانی اور سوئی گیس جیسی سہولتوں سے خالی ہے اور شہری سراپا احتجاج ہیں ۔

(جاری ہے)

شعیب صدیقی نے کہا کہ پی پی147میں عبدالعلیم خان کی کاوشوں سے بننے والے میاں میر ہسپتال کو صرف اس لیے فنکشنل نہیں کیا جا رہا کہ اس پر میاں صاحبان کی تختی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں آواز بلند کرنے کے باوجود حکمران ٹس سے مس نہیں ہورہے اوراین ای122کی مختلف یونین کونسلوں کے کچی آبادیوں کے مکینوں کو چھت سے محروم کیا جا رہا ہے ۔اس موقع پر شعیب صدیقی تحریک انصاف کے درینہ کارکنوں حافظ سہیل اور آبی گجرکے گھر بھی گئے اور تقی شاہ کونسلر،اسلم کونسلر ، کاشف کونسلر کے علاوہ مقامی رہنما مبین کمبوہ باؤ جاوید ،حافظ عامر مغل،ولیم بھٹی اورملک جاوید یوسف بھی اس موقع پر موجود تھے ۔