2018 ء میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کے برابر ہو گی ‘رانا تنویر حسین

پاکستان ایک پر امن ایٹمی طاقت ہے ہمسایہ ممالک کا ہر طرح احترام کرتا ہے بھارت ہمارے احترام کو کمزوری نہ سمجھ بیٹھے لائن آف کنٹرول اور دیگر سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات اورسول آبادی کو نشانہ بنانا بزدلانہ حرکت ہے ‘وفاقی وزیر

جمعہ 3 فروری 2017 21:18

2018 ء میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کے برابر ہو گی ‘رانا تنویر حسین
مریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2017ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سائنس و ٹیکنالو جی رانا تنویر حسین نے کہا ہے پاکستان ایک پر امن ایٹمی طاقت ہے ہمسایہ ممالک کا ہر طرح احترام کرتا ہے مگر بھارت ہمارے احترام کو کمزوری نہ سمجھ بیٹھے بھارت نے اگر کوئی حملہ کرنے کی غلطی کی تو اس کی نسلیں بھی پاکستان کا جواب بھول نہیں پائیں گی ۔

مریدکے میں ممتاز مذہبی و روحانی شخصیت حاجی شیخ محمد اشرف کے انتقال پر ان کے صاحبزادوں شیخ عدیل اشرف شیخ کبیر اشرف اور مریدکے پریس کلب کے بانی صدر حاجی شیخ محمد عباس سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا لائن آف کنٹرول اور دیگر سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات اورسول آبادی کو نشانہ بنانا بزدلانہ حرکت ہے بھارت جان لے پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے خطہ کا امن خراب کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دے گا بھارت اپنے اندرونی حالات اور کشمیریوں کی تحریک سے توجہ ہٹانے کے لئے سرحدوں کی خلاف ورزی کر کے دنیا کو دھوکہ نہیں دے سکتا کشمیریوں کو آزادی مل کر رہے گی ۔

(جاری ہے)

پاکستان کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا اوراقوام متحدہ کی قرار داد کے مطابق اس کا حل چاہتا ہے ۔انہوں نے کہا بھارت اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے اور اپنی عوام کی بد حالی کے متعلق سوچے ۔انہوں نے کہا رواں سال بجلی کے بحران کے خاتمہ کا سال ہے 2018 ء میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کے برابر ہو گی ۔