محکمہ تعلقات عامہ اور نائیکون کے اشتراک سے ’’پنجاب تصویر کہانی‘‘ فوٹو واک

فوٹو واک کے پہلے مرحلے میں معیاری سفری سہولتوں کا تصویری مقابلہ محمد باقر نے جیت لیا امام فاروق دوسرے‘ اخریٰ بیگ اور شیر محمد تیسرے نمبر پر ‘ 20‘15 اور 10 ہزار کے نقد انعامات دیئے گئے فوٹوواک کا مقصد قومی اور عالمی سطح پر پنجاب کا مثبت تاثر ابھارنا ہی:ملک احمد خان کاتقریب سے خطاب طلبہ نے فوٹو واک کے ذریعے نوجوان نسل کی مثبت سوچ اور رحجانات کو اجاگر کیا ہی:سیکرٹری اطلاعات راجہ جہانگیرانور

جمعہ 3 فروری 2017 21:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 فروری2017ء) محکمہ تعلقات عامہ پنجاب اور نائیکون پاکستان کے اشتراک سے ’’پنجاب تصویر کہانی‘‘ فوٹو واک کے پہلے مرحلے میں ’’معیاری اور تیزرفتار سفری سہولتوں ‘‘ کا تصویری مقابلہ محمد باقر نے جیت لیا۔ امام فاروق دوسرے ‘ اخریٰ بیگ اور شیرمحمد تیسرے نمبر پر رہے۔ تقریب کے اختتام پر پہلی‘ دوسری اور تیسری پوزیشن پر محمد باقر کو 20 ہزار‘ امام فاروق کو 15ہزار‘ اخریٰ بیگ اور شیر محمد کو 10 ہزار کے نقد انعامات دیئے گئے۔

’’پنجاب تصویر کہانی‘‘ فوٹو واک میں رکن صوبائی اسمبلی و ترجمان حکومت پنجاب ملک محمد احمد خان مہمان خصوصی‘ نائیکون پاکستان کے ڈائریکٹر نوریز ناصر اور سیکرٹری اطلاعات و ثقافت راجہ جہانگیر انور اور سرکاری و نجی جامعات کے شعبہ تصویری صحافت کے 100 سے زائد طلبہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان حکومت پنجاب ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ’’پنجاب تصویر کہانی‘‘فوٹو واک کا انعقاد خوش آئند امر ہے۔

اس کاوش کا مقصد قومی اور عالمی سطح پر وطن عزیز کے مثبت تاثر کو ابھارنا ہے۔ ملک محمد احمد خان نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں انفراسٹرکچر انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور انفراسٹرکچر کے کلیدی کردار کو کسی طور نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں مواصلات اور تعمیرات کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے قابل تقلید خدمات سرانجام دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میٹروبس عام آدمی کی سہولت کا پراجیکٹ ہے۔صوبائی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت راجہ جہانگیر انور نے ’’پنجاب تصویر کہانی‘‘ فوٹو واک کو نوجوان نسل کا مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب عوامی خدمت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولتیں فراہم کرنا حکومت کا فرض اولین ہے اور میٹروبس کے ذریعے اس فرض کو بخوبی سرانجام دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ نے فوٹو واک کے ذریعے نوجوان نسل کی مثبت سوچ اور رحجانات کو اجاگر کیا ہے۔ تقریب میں شریک طلبہ نے فوٹو واک کو حکومت پنجاب کا بہترین اقدام قرار دیا-

متعلقہ عنوان :