وزیر داخلہ کا واہ میں زیر تعمیر 500 بیڈز کے واہ جنرل ہسپتال کا دورہ ، ہسپتال کی تعمیر جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت

جمعہ 3 فروری 2017 19:07

وزیر داخلہ کا واہ میں زیر تعمیر 500 بیڈز کے واہ جنرل ہسپتال کا دورہ ، ..
واہ کینٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2017ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ہدایت کی ہے کہ واہ جنرل ہسپتال کی تعمیر جولائی تک مکمل کی جائے اور اسے ایک بہترین اور جدید معیار کا ہسپتال بنایا جائے تاکہ علاقے کے عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم ہو سکیں۔ وزیر داخلہ نے جمعہ کو واہ میں زیر تعمیر 500 بیڈ کے واہ جنرل ہسپتال کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ اب تک ہسپتال کیلئے 942.53 ملین روپے مختص کئے جا چکے ہیں اور ہسپتال کا تعمیراتی کام تیزی سے مکمل کرنے پر شاباش دی اور ہدایت کی کہ جولائی تک تمام کام ہر صورت مکمل کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ ہسپتال جدید سہولیات سے آراستہ اور اس کی عمارت بھی خوبصورت اور دیدہ زیب ہونی چاہئے۔ انہوں نے ہسپتال کو جی ٹی روڈ سے ملانے والی شاہراہ کی تعمیر کے احکامات بھی دیئے۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران سمیت متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔