پاک سینیٹ اور بیلاروس کی کونسل آف نیشنل اسمبلی کے مابین مفاہمت کی یاداشت پر دستخط

پاکستان اور بیلاروس کے مابین پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے کا فیصلہ چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کی بیلاروس کے صدر سے ملاقات

جمعرات 2 فروری 2017 23:10

اسلام آباد/منسک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 فروری2017ء) پاکستان اوربیلاروس کے مابین پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے کی مربوط کوشش کے طور پر سینٹ آف پاکستان اور بیلاروس کی کونسل آف نیشنل اسمبلی کے مابین مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔ پارلیمانی روابط کے فروغ کے ذریعے معاشی اور سماجی تعلقات بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

مفاہمت کی اس یاداشت پردستخط چیئرمین سینٹ کی سربراہی میں پارلیمانی وفد کی کونسل آف نیشنل اسمبلی بیلاروس کے چیئرمین میخائل میس نیکووچ ساتھ ملاقات کے دوران ہوئے ہیں ۔ یہاں سینیٹ سیکرٹریٹ سے جمعرات کی شام جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی بیلاروس کے دورے پر پہلے پارلیمانی وفد کی قیادت کررہے ہیں جس میں سینیٹرز اور سیکرٹری سینٹ امجد پرویزملک کے علاوہ سینئر افسران شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں ایوانوں کے مابین ہونے والے سمجھوتے کے تحت پارلیمانی وفود کے تبادلے ، ایوانوں میں پارلیمانی دوستی گروپوں کی تشکیل کے علاوہ سیکرٹریٹ کے نظام کار کو بہتر بنانے کے لیے ایک دوسرے کے تجربات کا استفادہ کیا جائے گا۔میاں رضا ربانی نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سمجھوتا دونوں ملکوں کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ ہے ۔ قبل ازیں چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے بیلاروس کے صدر الیگزنیڈر لکشینکوسے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی روابط کے فروغ کے ذریعے معاشی اور سماجی تعلقات بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :