کراچی ،ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد

ْڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کی مہم کے سلسلے میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کاگورنر سندھ کو خط ارسال

جمعرات 2 فروری 2017 23:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 فروری2017ء) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے محمدزبیر عمر کو گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اور عافیہ کے اہلخانہ حلف کی پاسداری اور آپ کی کامیابی کیلئے دل کی گہرائیوں سے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ فرائض منصبی کی ادائیگی میں آپ کی بھرپور رہنمائی اور مدد فرمائے۔

ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کی مہم کے سلسلے میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے گورنر سندھ کو خط بھی ارسال کیا ہے۔ عافیہ موومنٹ میڈیا سیل سے جاری اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر فوزیہ نے خط میں کہا ہے کہ وفاق کے نمائندے کی حیثیت سے گورنرہائوس سندھ کی جس عمارت میں اللہ تعالیٰ نے آپ کو صوبہ سندھ کے عوام کی خدمت کا موقع عطا کیا ہے، اسی عمارت میں تقریباًً ساڑھے تین سال قبل وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی اور بیٹی مریم کو ملاقات کیلئے مدعو کیا تھا اور عافیہ کو 100 دن میں وطن واپس لانے کا وعدہ کیا تھاجس کا پوری قوم نے بھرپور خیرمقدم کیا تھا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عافیہ کو اس کے تین معصوم بچوں سمیت کراچی کی ایک سڑک سے اغواء کرکے بغیر کسی تفتیش و تحقیق امریکی حکام کے حوالے کیا گیا تھا۔ اس کے بعد کی تمام کاروائی کو آج دنیابھر کے تمام انسانیت اور انصاف پسند افراد مسترد کرکے عافیہ کی بے گناہی کی بنیاد پراس کی رہائی اور وطن واپسی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان کا عافیہ کو وطن واپس لانے کاوعدہ اب تک قوم کی امیدوں کا مرکز ہے۔

عافیہ کے اہلخانہ اور قوم کو امید ہے کہ عافیہ کی وطن واپسی مسلم لیگ ن کے موجودہ دور حکومت میں انجام پائے گی لیکن حکومت اور اس کے ذمہ داروں کے عزم میں کمی کی وجہ سے عافیہ کی قیدناحق کو غیرضروروی طول دیا جارہا ہے۔وزیراعظم کے وعدہ کے باوجود اب تک متعلقہ وزارتیں اور وفاقی ادارے عافیہ کی وطن واپسی کیلئے سوائے چند اخباری بیانات کے علاوہ کسی بھی ٹھوس زبانی اور تحریری اقدام کو ظاہر کرنے میں ناکام رہے ہیں جبکہ پاکستان میں امریکی سفیر سمیت کئی دیگر امریکی حکام مختلف مواقع پر واضح طور پربیان دے چکے ہیں کہ پاکستانی حکام نے عافیہ کے معاملے میں ہم سے رابطہ نہیں کیا ہے۔

صوبہ کے عوام کیلئے وفاق کے نمائندے کی حیثیت سے عافیہ کی وطن واپسی کیلئے اپنا دینی، قومی اور آئینی فریضہ ادا کریں اور صوبہ سندھ کی اس مظلوم اور معصوم شہری عافیہ کو وہ تمام آئینی حقوق فراہم کریں جس کی پاکستانی شہری ہونے کے ناطے وہ حقدار ہے ۔#