پیمرا کی شکایات کونسل سندھ نے الیکشن کمیشن پر بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر سماء ٹی وی پر تین لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کی سفارش

جمعرات 2 فروری 2017 23:54

پیمرا کی شکایات کونسل سندھ نے الیکشن کمیشن پر بے بنیاد الزامات عائد ..

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2017ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی شکایات کونسل سندھ نے الیکشن کمیشن پر بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر سماء ٹی وی پر تین لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کی سفارش کی ہے۔ شکایات 42 ویں اجلاس کے دوارن کی۔ شکایات کونسل کا اجلاس پیمرا ہیڈ کوارٹرز میں جمعرات کو منعقد ہوا۔

اجلاس کی سربراہی پروفیسر انعام باری کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سماء ٹی وی کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانے پر شکایت درج کرائی تھی۔ سماعت کے دوران سماء کے بیورو چیف اسلام آباد خالد عظیم شکایات کونسل کے روبرو پیش ہوئے تاہم وہ ان الزامات کو ثابت کرنے میں ناکام رہے۔ پیمرا شکایات کونسل نے ٹی وی انتظامیہ کو الیکشن کمیشن کے خلاف الزامات کی نمایاں طور پر معذرت جاری کرنے کا حکم دینے کی سفارش بھی کی۔

(جاری ہے)

بول ٹی وی کے اینکرز عامر لیاقت اور ڈاکٹر شاہد مسعود کے خلاف بالترتیب جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی بے بنیاد الزامات کی شکایات پر سماعت اگلی پیشی تک ملتوی کر دی گئی۔ سماعت کے دوران بول ٹی وی کے وکیل نے ایک گھنٹہ تک دلائل دینے کے بعد طبیعت کی خرابی کے عذر پر آئندہ تاریخ تک مہلت طلب کی جس پر شکایات کونسل نے بول نیوز کے وکیل کو دلائل مکمل کرنے کا ایک اور موقع دیتے ہوئے سماعت 10 فروری 2017ء تک ملتوی کر دی۔