اسلام آباد سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے ، میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز

جمعرات 2 فروری 2017 23:36

اسلام آباد سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے ، میئر اسلام ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 فروری2017ء) میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ اسلام آباد سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے ۔اسلام آباد میں کسی کو بھی تجاوزات قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔تجاوزات کی وجہ سے اسلام آباد کا قدرتی حسن بری طرح متاثر ہوا ہے تاہم جہاں سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ اسلام آباد کو ایک ماڈل شہر بنانے کے اقدامات کر رہی ہے وہاں تجاوزات کی صورت میں شہر کے قدرتی حسن کو خراب کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف مہم بلا امتیاز و تفریق جاری رہے گی اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ انسدادِ تجاوزات مہم کے دوران اس بات کا خصوصی خیال رکھا جائے کہ جن علاقوں میں یہ کاروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں وہاں تجاوزات دوبارہ قائم نہ کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

بصورتِ دیگر متعلقہ ایریاء کا انسپکٹر اس کا ذمہ دار ہو گا۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کی ہدایت پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی بھر پور کاروائیاں جاری ہیں۔ غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے خصوصی طور پر تشکیل دی گئیں ٹیمیں پورے شہر میں تجاوزات کے خاتمہ کے لیے کاروائیاں کر رہی ہیں۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی حالیہ کاروائیوں میںاسلام آباد کے سب سے بڑے کاروباری مرکز G-9کراچی کمپنی میں بھر پور آپریشن کیا گیا اور تجاوزات کنندگان کا دس ٹرک سامان قبضہ میں لے کر سی ڈی اے سٹور میں جمع کروا دیا گیا ۔

اس آپریشن کے دوران نہ صرف مرکز کے اوپن ایئریاء میں لگائی گئی تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا بلکہ مختلف پلازوں کے برآمدوں میں دکانداروں کی جانب سے لگائے گئے غیر قانونی سٹال اور تجاوزات کا خاتمہ کر کے ان برآمدوں کو عوام الناس کے لیے کھول دیا گیا ۔ واضح رہے کہ چیئرمین سی ڈی اے اور شیخ انصر عزیز کو اس مارکیٹ میں تجاوزات کے حوالے سے متعدد شکایات موصول ہو رہی تھیں۔

اسی طرح آبپارہ مارکیٹ میں آپریشن کر کے غیر قانونی سٹال اور مارکیٹ کے برآمدوں میں قائم کی گئی تجاوزات کا خاتمہ کر کے 05 ٹرک سامان ضبط کر لیا گیا۔ تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے دوران مرکز F-7 جناح سُپر مارکیٹ میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملہ نے کاروائی کر کے 05 ٹرک سامان قبضہ میں لے لیا گیا۔ اسی طرح سیکٹرI-10/1 میں سی ڈی اے کے نو رہائشی پلاٹوں پر غیر قانونی قبضہ ختم کرکے سرکاری اراضی کو واگذار کروا لیا گیا۔ان پلاٹوں پر مختلف قسم کی تعمیرات کی گئیں تھی۔ (آچ)

متعلقہ عنوان :